
گزشتہ روز کوئٹہ کے ایک مرد و خاتون کے قتل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے فوری نوٹس لیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس علاقے کا تعین کر لیا گیا ہے اور ابتدائی معلومات کے مطابق یہ واقعہ عیدالاضحیٰ کے وقت پیش آیا تھا۔
آج ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں خاندانوں نے واقعہ رپورٹ نہیں کیا، تاہم ریاست اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے اور جن چہروں کی شناخت ہو چکی ہے، انہیں نادرا کے ذریعے ٹریس کیا جا رہا ہے۔ ایک شخص کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔
شاہد رند نے کہا کہ کسی قسم کا دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کے نام معلوم ہو چکے ہیں، تاہم فی الحال انہیں ظاہر نہیں کیا جا رہا۔ ویڈیو کی مدد سے ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے اور تمام افراد کا ڈیٹا نادرا کو فراہم کر دیا گیا ہے۔ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک لاشیں برآمد نہیں ہو سکیں۔ ترجمان نے تصدیق کی کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو بلوچستان کی حدود میں ریکارڈ کی گئی ہے۔