
خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ جاری ہے۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 38 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں ڈینگی کے فعال مریضوں کی تعداد 268 تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 25 نئے مریضوں کو مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا جبکہ صوبے کے اسپتالوں میں اس وقت 54 مریض زیر علاج ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق رواں سال اب تک صوبے میں ڈینگی کے 3 ہزار 830 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے 1 ہزار 582 مریضوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا۔ اب تک 3 ہزار 560 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ ڈینگی کے باعث 2 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گھروں اور اردگرد کے علاقوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں اور ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔