
بالی وڈ اداکار زید خان اور سوزین خان کی والدہ زرین خان 81 سال کی عمر میں ممبئی میں انتقال کرگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق زرین خان طویل عرصے سے مختلف امراض میں مبتلا تھیں اور جمعے کے روز انہوں نے ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر آخری سانس لی۔ ان کی موت کے بعد اہلِ خانہ اور قریبی دوستوں میں گہرے دکھ کی لہر دوڑ گئی۔
رپورٹس کے مطابق زرین خان کی آخری رسومات ممبئی میں انجام دی گئیں جن میں کئی نامور بالی وڈ شخصیات، جن میں ہریتھک روشن، جیا بچن، شویتا بچن نندا، رانی مکھرجی، جیکی شروف اور بوبی دیول شامل ہیں، نے شرکت کی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں زید خان کو اپنی والدہ کی آخری رسومات میں شریک دیکھا گیا، جہاں وہ ہندو مذہبی روایات کے مطابق رسومات ادا کر رہے تھے۔ ایک ویڈیو میں انہیں میت کے آگے مٹی کا برتن اٹھائے چلتے دیکھا گیا، جس پر مداحوں اور صارفین میں تجسس پیدا ہوا کہ زرین خان کی آخری رسومات اسلامی کے بجائے ہندو روایات کے مطابق کیوں ادا کی گئیں۔
بھارتی میڈیا نے اس حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ زرین خان کا تعلق دراصل ایک ہندو خاندان سے تھا اور شادی سے قبل ان کا نام زرین کترک تھا۔ بعدازاں جب انہوں نے مشہور اداکار سنجے خان سے شادی کی تو انہوں نے اپنا سرنیم تبدیل کر کے خان رکھ لیا، تاہم انہوں نے اپنا مذہب تبدیل نہیں کیا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ ان کی آخری رسومات ہندو روایات کے مطابق ادا کی گئیں۔
زرین خان کی زندگی کا سفر فلمی دنیا سے شروع ہوا۔ وہ شادی سے پہلے بھارتی فلم انڈسٹری میں چند یادگار فلموں کا حصہ رہیں، جن میں ’تیرے گھر کے سامنے‘ اور ’ایک پھول دو مالی‘ قابل ذکر ہیں۔
زرین اور سنجے خان کی پہلی ملاقات اس وقت ہوئی جب وہ محض 14 سال کی تھیں۔ یہ ملاقات ان کی والدہ بی بی فاطمہ بیگم خان کے ذریعے ہوئی۔ دونوں میں دوستی ہوئی، جو بعد میں محبت میں بدلی، اور 1966 میں دونوں نے شادی کرلی۔
اس جوڑے کے چار بچے ہیں سوزین خان، سیمون اروڑا، فرح علی خان، اور زید خان جنہوں نے مختلف شعبوں میں اپنی پہچان بنائی۔
زرین خان کی موت نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے بالی وڈ کے لیے ایک بڑا نقصان ثابت ہوئی، کیونکہ وہ نہ صرف ایک باوقار شخصیت تھیں بلکہ فلمی دنیا اور سوشل سرکل میں بھی اپنی نرمی، وقار اور نفاست کے باعث پہچانی جاتی تھیں۔