|
|
جاپان رہنے کے لئے ایک شاندار ملک ہے کہ جو یہاں آتا ہے
وہ یہیں کا ہو جاتا ہے. سوال یہ ہے کہ کیا ایک غیر ملکی یا پاکستانی کا
یہاں رہنا اتنا ہی آسان ہے جتنا کہ جاپانیوں کے لئے رہنا؟ اپنے ملک کو چھوڑ
کر ایک غیر ملک جب آپ جاتے ہیں تو آپ سیکنڈ سٹیزن ہوتے ہیں- اس ماحول کے
مطابق خود کو ڈھالنا ظاہر ہے مشکل ہوتا ہے۔ جہاں تک جاپان کی بات ہے یہ ایک
ایسا ملک ہے جس میں ایک انتہائی منفرد نظام اور طرز زندگی ہے جو کسی بھی
دوسرے ملک کی طرح نہیں ہے- یہاں تو امریکہ کے ماڈرن ترین شہر نیویارک سے
آئے ہوئے لوگ بھی جدید ٹیکنالوجی اور جاپانیوں کے انتظامات دیکھ کر ششدر رہ
جاتے ہیں۔ ایک غیر ملکی کے طور پر جاپان میں رہنے کے فوائد بہت وسیع ہیں
لیکن یہاں ضروری ہے کہ ان تکالیف کو بھی مدنظر رکھا جائے جن کا جاپان میں
قیام کے دوران پاکستانیوں سمیت کسی بھی دوسرے ملک سے آنے والوں کو سامنا
کرنا پڑتا ہے۔ اسی مقصد کے لئے یہاں ایک موازنہ بیان کیا جا رہا ہے۔ |
|
جاپانی پاکستانیوں یا
غیر ملکیوں کے لئے انتہائی مددگار اور خوش اخلاق ہوتے ہیں: |
جاپانی معاشرے کے سخت سماجی معیارات ہیں۔ یہاں اصولوں کی
اجارہ داری ہے اس کی گروہی ذہنیت کی وجہ سے یہاں ایک بہت ہی یکساں نظام ہے
جو کسی فرد کی انفرادیت کے لئے بہت کم گنجائش چھوڑتا ہے یعنی ایک
یونیفارمیٹی ہے جواکثر جاپانیوں کے لئے سماجی دباؤ کا باعث بنتا ہے۔ بعض
اوقات وہ سماجی اصولوں کی پیروی کرنے کی وجہ سے اپنی ترجیحات اور عقائد کے
خلاف سماجی توقعات پر پورا اترنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ اس سلسلے میں غیر ملکی
جو جاپان میں رہتے ہیں کیونکہ وہ پہلے ہی جاپانی معاشرے میں نمایاں ہیں اور
انہیں مختلف لوگوں کے طور پر دیکھا جاتا ہے اس لیے انہیں ان سماجی معیارات
کو پورا کرنے کے معاملے میں تھوڑی چھوٹ ہوتی ہے۔ اگر آپ کوئی غلطی کرتے ہیں
یا کوئی ایسا کام کرتے ہیں جسے ایک غیر ملکی کے طور پر "جاپانی سماجی
معیارات سے باہر" سمجھا جاتا ہے تو جاپانی آپ کے ساتھ زیادہ سختی نہیں کریں
گے- لیکن اصولوں کو توڑنے پر کوئی جاپانی شخص ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔ |
|
جاپان میں دریافت کرنے کے لیے بہت کچھ ہے: |
جاپان ایک ایسا ملک ہے جہاں تفریح اور ثقافت اتنی منفرد ہے کہ آپ کے لیے
بور ہونا بہت مشکل ہے۔ اکثر ایسی بہت سی تقریبات، تہوار اور سرگرمیاں ہوتی
ہیں جس میں آپ کو ہر روز کچھ نیا اور دلچسپ دیکھنے کو ملتا ہے۔ روایتی
مندروں اور موسم گرما کے تہواروں میں جانے سے لے کر چیری بلاسم کا تہوار
جسے ساکورا کہا جاتا ہے جس میں ہر پارک میں لوگ ساکورا درختوں کے نیچے
فیملی اور دوستوں کے ساتھ پکنک مناتے ہیں جسے ہانامی کہا جاتا ہے۔ یہ منظر
دیکھنے کے لائق ہوتا ہے جنت نما خوبصورتی آپ کو ہر سو دکھائی دے گی۔ یہ لوگ
تفریح کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے سال کے کسی بھی وقت تمام ذوق کے
لوگوں کے لیے سرگرمیاں ہوتی ہیں۔ کیا آپ کو اسنارکنگ پسند ہے؟ آپ اوکیناوا
جا سکتے ہیں۔ کیا آپ کو اسکیئنگ پسند ہے؟ آپ ہوکائیڈو جا سکتے ہیں۔ کیا آپ
anime کے پرستار ہیں؟ یقیناً جاپان آپ کی جنت ہے۔ اور تفریحی پارکوں کے تو
کیا کہنے ہیں، یہاں کئی طرح کے تھیم پارکس ہیں۔ یہاں پر دیکھنے کے لئے اتنا
کچھ ہے کہ آپ کو یکسانیت کا احساس کبھی نہیں ہوگا۔ ٹوکیو جیسے بڑے شہر سے
لے کر جاپان کا چھوٹا شہراوتاشینائی تک آپ کو ایک ہی معیار ملے گا۔ کہیں
بھی اپنی سیاحت کے دوران آپ کو تکلیف نہیں اٹھانی پڑے گی بلکہ آپ ان کے
انتظامات اور ڈیویلپمنٹ سے متاثر ہوئے بناء نہیں رہ سکتے۔ |
|
|
|
جاپان انتہائی آسان ملک
ہے: |
یہاں آپ کو دن ہو یا رات کسی بھی وقت محنت کے بغیر اپنی ضرورت کی تقریباً
ہر چیز مل سکتی ہے۔ اسٹورز ہر قسم کی مصنوعات فروخت کرتے ہیں اور عام طور
پر دن میں 24 گھنٹے کھلے رہتے ہیں۔ ان لوگوں کے لیے جو بہت زیادہ سفر کرتے
ہیں جاپان بہت اچھا ہے کیونکہ اس کی پبلک ٹرانسپورٹ نہ صرف انتہائی مؤثر ہے
بلکہ وقت کی پابندی بھی کرتی ہے۔ جہاں تک کھانے کی بات ہے یہاں کی سوشی (مچھلی
کی ڈش) ۔رامین ،ٹیمپورا،ساشیمی وغیرہ انتہائی مزیدار کھانے ہیں ان کھانوں
کا ایک الگ مزا ہے جو غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہر ممالک کے
ریستوران بھی موجود ہیں۔ اس کی گلیاں بہت صاف اور منظم ہیں اور جرائم کی
شرح ناقابل یقین حد تک کم ہے۔ آپ سڑکوں پر بلاخوف و خطر خاموشی پھر سکتے
ہیں۔ |
|
یہاں ان کی برداشت اور صبر کا ذکر کرنا ضروری ہے۔ 2011 کے زلزلے کا تجربہ
ہوا جس کے بعد سینڈائی میں سونامی کی تباہ کاریاں بھی ہوئیں۔ یہ قوم عموماً
قدرتی اور ماحولیاتی آفات کا شکار رہتی ہے، ایٹم بم جیسی خوفناک تباہ
کاریوں کا بھی شکار ہوئی۔ اس قوم کی ایک بات قابل تعریف ہے کہ یہ کسی بھی
چیز کی شکایت کبھی نہیں کریں گے کتنے ہی برے سے برے حالات ہوں یہ لوگ ان
حالات کا سامنا انتہائی بہادری سے کرتے نظر آئیں گے۔ گھبراہٹ تو آپ ان کے
چہروں پر کبھی نہیں دیکھیں گے یہ سب ان کی بچپن کی ٹریننگ کا نتیجہ ہے۔ |
|
کچھ یہاں پر رہنے کے لئے مشکلات بھی ہیں: |
بینک اکاؤنٹ کھولنا، گھر کرائے پر لینا یا روزمرہ کی زندگی میں بہت سے
دوسرے معاملات واقعی مشکل ہو سکتے ہیں، خاص طور پر اگر آپ کے لیے جاپانی
ثقافت کو اپنانا آسان نہ ہو اور اگر آپ کو جاپانی زبان نہیں آتی ہو کیونکہ
اگر تو آپ کی مادری زبان انگلش ہے تب تو وہ آپ کی انگلش کو قبول کریں گے-
لیکن آپ کی زبان انگلش نہیں ہے اور آپ انگلش بول رہے ہیں تو وہ آپ کی انگلش
زبان میں بات کرنا برداشت نہیں کرتے چاہے ان کو انگلش آتی بھی ہو تو وہ آپ
کو جاپانی میں جواب دیں گے- شروع میں ان کی یہ عادت مجھے سمجھ نہیں آئی
لیکن جب بعد میں جاپانیوں سے دوستی ہوئی تو پتا لگا کہ وہ اس بات کو
غلامانہ مزاج سمجھتے ہیں ان کے مطابق اپنی زبان پر فخر کرنا چاہئے اسی لئے
جاپان جانے والے ہر غیر ملکی کو جاپانی آنی چاہئے- اس مقصد کے لئے انھوں نے
ہر جگہ جاپانی سینٹرز کھولے ہوئے ہیں جہاں ریٹائرڈ افراد جاپانی سکھانے پر
مامور ہوتے ہیں صرف yen 500 ماہانہ فیس وصول کی جاتی ہے جو کہ یقینا بہت کم
ہے۔ آپ اپنے ملک میں اپنے آپ کو اجنبی نہیں سمجھتے جاپانی حکومت غیر ملکیوں
کے کارڈ کو Alien card کہتے ہیں جاپان میں شہریت مشکل سے ملتی ہے لیکن اگر
مل جائے تو اپنے ملک کی شہریت کینسل کرنی ہوگی. جاپان میں رہنا بہت آرام دہ
ہے، لیکن آپ کے لیے گھر جیسا محسوس کرنا آسان نہیں ہوگا۔ جب میں پہلی بار
جاپان پہنچی تو مجھے سب سے زیادہ متاثر کرنے والی بات یہ تھی کہ، پاکستان
کے برعکس جاپان میں لوگ سیاست، مذہب یا ٹیکس جیسے متنازعہ مسائل کے بارے
میں بہت کم (یا تقریباً کچھ بھی نہیں) بات کرتے ہیں۔ اگرچہ جاپان میں دوست
بنانا بالکل ناممکن نہیں ہے، لیکن ایسے لوگوں کو تلاش کرنا اتنا آسان نہیں
ہے جن کے ساتھ آپ ذاتی یا سماجی گفتگو کر سکتے ہیں۔ عادت کے مطابق جاپانی
شرمیلے ہوتے ہیں یہ اپنے خول میں رہنا پسند کرتے ہیں ہاں لیکن اگر یہ آپ کے
دوست بن جائیں تو ان سے زیادہ مخلص دوست آپ کو کہیں نہیں ملے گا۔ غیر ملکی
دوست کی مدد کے لئے ہر دم کھڑے رہنا یہ اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ مجھے ان باتوں
کا تجربہ پانچ سالوں میں ہوا اور واپس آتے وقت اپنے دوستوں کو چھوڑتے وقت
میرے اور میرے دوستوں کی اداسی دیکھنے کے لائق تھی۔ |
|
|
|
رہنے کے لئے دنیا کی
مہنگی ترین جگہ ہے: |
جاپان اچھی اجرت، حفاظت اور صحت کی پیشکش کرتا ہے، لیکن
آپ پھر بھی اس کی بے تحاشا مہنگائی سے پریشان ہوں گے۔ صحت عامہ بہترین ہے،
لیکن تجویز کی جاتی ہے کہ اگر آپ اپنی بچت کرنے کے لئے طبی مشاورت نہیں
چاہتے ہیں تو آپ بنیادی صحت کا بیمہ لیں۔ اسی طرح آپ کو اپنے روزمرہ کے
کاموں کے لئے بہت اچھی طرح سے منصوبہ بندی کرنی ہوگی تاکہ وہاں ٹریولنگ کو
انجوائے کر سکیں یہاں لوگ بہت سادہ ہیں ان کو اس سے غرض نہیں ہوتی کہ آپ نے
کیا پہنا ہے یا آپ کہاں رہتے ہیں یہ لوگ اپنی چھٹیاں سیاحت میں گزارتے ہیں
اسی کے لئے بچت کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ جاپانی گھر جبکہ بہت چھوٹے ہوتے ہیں
لیکن بدقسمتی سے بہت مہنگے بھی ہوتے ہیں۔ |
|
سخت موسموں اور قدرتی
آفات کا سامنا: |
موسم بہار اور خزاں میں آپ سڑکوں پر ٹہلنے اور خوبصورت
مناظر دیکھنے سے لطف اندوز ہو تے ہیں۔ تاہم موسم گرما میں سب کچھ بدل جاتا
ہے اس وقت موسم نمی کے ساتھ گرمی کے مرکب کی وجہ سے ناقابل برداشت ہو جاتا
ہے اور انتہائی غیر آرام دہ ہوتا ہے. جب موسم گرما ختم ہونے کو ہوتا ہے تب
تیز طوفان (گرم اور مرطوب موسم سے پیدا ہوتے ہیں) شروع ہو جاتے ہیں جس کے
دوران ٹائفون شروع ہو سکتے ہیں۔ موسلا دھار بارشوں، طوفانوں، سیلابوں،
زلزلوں اور سونامیوں جیسے موسمیاتی اور جغرافیائی تبدیلیوں کے تجربے جن کا
ملک سال بھر سامنا کرتا ہے۔ اگر آپ اپنے آبائی ملک میں اس قسم کے واقعات سے
نمٹنے کے عادی نہیں ہیں تو یہ آپ کو حیران اور خوفزدہ بھی کر سکتا ہے خاص
طور پر شروع میں پھر آپ عادی ہو جاتے ہیں۔ زلزلے کے جھٹکے تو یہاں روزانہ
کی بات ہے۔ |
|
ہر ایک کا تجربہ مختلف ہوتا ہے اور اس کا انحصار فرد پر
ہوتا ہے لیکن یہ سچ ہے کہ جاپان دنیا میں ایک جنت کی مانند ہے اس کو چھوڑنا
آسان نہیں! |