
وفاقی وزیر برائے توانائی (پٹرولیم ڈویژن) علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ تیل و گیس کی تلاش کے نئے منصوبے ملک میں انرجی سکیورٹی کو مضبوط بنائیں گے۔ طویل عرصے بعد حکومت نے آن شور ڈرلنگ کا آغاز کیا ہے جبکہ آف شور ڈرلنگ کے لیے بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اپریل میں 13 بلاکس ایوارڈ کیے گئے جن میں دو بلاکس ترکیہ کو ملے۔ اب 23 مزید آن شور بلاکس اور انڈس و گوادر ریجن میں 40 بلاکس کے ایوارڈ کا عمل جاری ہے جن میں ترکیہ، چین اور امریکا کی کمپنیوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ حتمی فیصلہ اکتوبر میں ہوگا۔
علی پرویز ملک نے بتایا کہ شیل اور ٹائیٹ گیس کے ذخائر کا تخمینہ 30 سے 35 ٹی سی ایف ہے جو سوئی گیس کے تین گنا کے برابر ہے جبکہ 2024 میں ٹائیٹ گیس پالیسی اپ ڈیٹ کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں پہلی ڈرلنگ کے لیے تیاری ہو رہی ہے اور آف شور ڈرلنگ بھی ترجیح میں شامل ہے تاہم ایک کنوئیں کی ڈویلپمنٹ کے لیے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری درکار ہے۔