آپ نے محنت سے جڑے بہت سے مقولے سنے ہوں گے جیسے "محنت میں عظمت ہے" یا "محنت کبھی ضائع نہیں جاتی"۔ لیکن بھارت سے تعلق رکھنے والے مکیش کمار شرما نے ان محاوروں کو حقیقت میں بدل کر سب کو حیران کر دیا ہے۔
1989 سے دہلی کے نہرو پیلس میں دہی بھلے کا چھوٹا سا فوڈ اسٹال چلانے والے مکیش نے اپنی محنت سے خود کو کروڑ پتیوں کی فہرست میں شامل کروا لیا ہے۔ ان کے اسٹال کا نام "شرما چاٹ" ہے، اور ان کے دہی بھلوں کا ذائقہ اتنا لاجواب ہے کہ لوگ دور دور سے اسے کھانے آتے ہیں۔
View this post on Instagram A post shared by Karostartup (@karo_startup_)
مکیش کی کامیابی کا راز ان خاص مسالوں میں چھپا ہے جو وہ اپنے ہاتھوں سے تیار کرتے ہیں۔ انہی منفرد ذائقوں نے ان کے کاروبار کو چار چاند لگا دیے، یہاں تک کہ آج انہیں "کروڑ پتی چاٹ والا" کے نام سے جانا جاتا ہے۔
سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ اتنی کامیابی حاصل کرنے کے باوجود مکیش نے دکان کھولنے کے بجائے ابھی بھی اپنے روایتی انداز میں سڑک کنارے اسٹال لگانا ہی پسند کیا ہے۔ روزانہ وہ اپنی بی ایم ڈبلیو میں اپنے سامان کے ساتھ آتے ہیں اور اسی چھوٹے اسٹال پر لوگوں کو دہی بھلے پیش کرتے ہیں۔
ماضی میں ان کے دہی بھلوں کی قیمت صرف 2 روپے تھی، جو اب 40 روپے تک پہنچ چکی ہے، لیکن ان کے گاہکوں کی محبت اور ان کے ذائقے کی مقبولیت میں ذرا بھی کمی نہیں آئی۔ مکیش کی یہ داستان ثابت کرتی ہے کہ محنت اور لگن سے سب کچھ ممکن ہے۔