
قاہرہ: اہرام مصر میں نئی طویل سرنگ کو دریافت کر لیا گیا۔ پہلی مرتبہ بند سرنگ کو کھودا گیا جو سب سے بڑے اور مشہور گیزا اہرام میں دریافت ہوئی۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہزاروں سال قبل اہرام اور فراعین کی باقیات میں دریافتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اب دریافت ہونے والی سرنگ اہرام میں واقع ہے جو لگ بھگ 4 ہزار 500 سال قدیم ہے۔ برآمدہ نما یہ کوریڈور خوفو نامی ایک چھوٹے اہرام کے شمال میں واقع ہے۔جدید اسکیننگ ٹیکنالوجی کے ذریعے اس سرنگ کے راستے کا سراغ ملا تھا اور جب اسے کھولا گیا تو یہ 9 میٹر طویل اور 2 میٹر وسیع نکلا لیکن ماہرین اب تک اس کا مصرف بتانے سے قاصر ہیں۔دریافت ہونے والی مذکورہ سرنگ اہرام مصر میں جانے کے مرکزی راستے کے عین اوپر واقع ہے۔یہ بھی پڑھیں: طویل سرنگ کا اعلان کرتے ہوئے آثار قدیمہ کے ماہر زہی ہواس نے کہا کہ اہرام میں مزید تحقیقات کے لیے 2015 میں اسکیننگ کا بین الاقوامی منصبوبہ شروع کیا گیا تھا جس کے بعد اب یہ پہلی دریافت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت جدید ٹیکنالوجی سے اہرام میں مزید ممکنہ دریافتوں کو یقینی بنایا جا سکے گا۔اس منصوبے میں فرش کے نیچے دیکھنے والے ریڈار اور الٹرا ساؤنڈ ٹیکنالوجی سے بھی مدد لی گئی ہے جس سے مزید دریافتیں سامنے آئیں گی۔