اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں بلکہ خونریزی چاہتا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے سری نگر ہائی وے پر مظاہرین کی جانب سے رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر گاڑی سے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اور حملے میں گاڑی سے کچلے گئے رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے شہید اہلکاروں کی بلندی درجات اور اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ جبکہ واقعے میں ملوث افراد کی فوری نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی بھی ہدایت کر دی۔وزیر اعظم نے حملے میں زخمی ہونے والے رینجرز و پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد پر امن احتجاج کی آڑ میں پولیس و رینجرز کے اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتشاری ٹولہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دانستہ طور پر نشانہ بنا رہا ہے۔ جبکہ پولیس و رینجرز اہلکار شہر میں امن و امان کے نفاذ کے لیے مامور ہیں۔ انتشاری ٹولے کے ہاتھوں سیکیورٹی اہلکاروں کے خاندانوں کی زندگیاں تباہ کر دی گئیں۔یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف احتجاج ، راولپنڈی اسلام آباد میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا خدشہشہباز شریف نے کہا کہ انتشاری ٹولہ گزشتہ روز پولیس اہلکار اور آج شہید کیے گئے رینجرز اہلکاروں کے معصوم بچوں و اہلخانہ کو جوابدہ ہے۔ انتشاری ٹولہ انقلاب نہیں بلکہ خونریزی چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پُرامن احتجاج نہیں بلکہ شدّت پسندی ہے۔ جبکہ پاکستان کسی بھی انتشار اور خونریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ مذموم سیاسی مقاصد کے لیے خونریزی ناقابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہے۔ مجھ سمیت پوری قوم شہید ہونے والے رینجرز و پولیس کے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔