
کراچی کے علاقے گارڈن ایسٹ میں واقع رام سوامی نور مسجد کے قریب مخدوش عمارت کی کوریج کے دوران نجی ٹی وی کی ٹیم پر حملہ کر دیا گیا۔ رپورٹر سلمان سلیم اور کیمرہ مین پر علاقہ مکینوں نے تشدد کیا اور کیمرہ بھی توڑ دیا۔
نجی ٹیم وی کی ٹیم کے مطابق وہ مخدوش عمارت کی حالت کی کوریج کے لیے گئے تھے۔ پلاٹ نمبر آر ایس چار/53 پر کرائے پر رہائش پذیر مکینوں نے مزاحمت کرتے ہوئے ان پر حملہ کر دیا۔ تشدد میں ملوث افراد میں ایک باپ اور اس کے چار بیٹے شامل ہیں جبکہ 10 سے 12 دیگر علاقہ مکینوں نے بھی حملے میں حصہ لیا۔
واقعے کی اطلاع پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ واقعے کا مقدمہ نبی بخش تھانے میں رپورٹر سلمان سلیم کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔