
سان فرانسسکو کی مشہور ٹیکنالوجی کمپنی اوپن اے آئی نے اپنا جدید ترین آرٹیفیشل انٹیلیجنس ماڈل ”جی پی ٹی-5“ لانچ کر دیا جو کوڈنگ، ریاضی، صحت، بصری تجزیہ اور تحریر سمیت متعدد شعبوں میں پچھلے تمام ماڈلز سے بہتر کارکردگی کا حامل ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ماڈل نہ صرف مفت دستیاب ہے بلکہ اضافی فیچرز کے لیے سبسکرپشن پلانز بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
اوپن اے آئی کے مطابق جی پی ٹی-5، جی پی ٹی-4 او، اوپن اے آئی او 3، اوپن اے آئی او 4-منی، جی پی ٹی-4.1 اور جی پی ٹی-4.5 کی جگہ لے گا۔ اب صارفین کو الگ ماڈل منتخب کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ نیا سسٹم خود فیصلہ کرے گا کہ کب تیز جواب دینا ہے اور کب تفصیلی تجزیہ فراہم کرنا ہے۔
جی پی ٹی-5 میں کوڈنگ کی صلاحیت میں نمایاں بہتری کی گئی ہے جس کے ذریعے بڑے اور پیچیدہ پروگرامز کو ڈی بگ کیا جا سکتا ہے۔ یہ ایک ہی ہدایت پر ویب سائٹس، ایپس اور گیمز تیار کرنے کی قابلیت بھی رکھتا ہے۔ ماڈل میں غلطیوں کی شرح کم اور ہدایات پر عمل درآمد کی صلاحیت زیادہ ہے۔
یہ ماڈل مفت دستیاب ہے جبکہ پلس، پرو اور ٹیم سبسکرائبرز آج سے جی پی ٹی-5 استعمال کر سکتے ہیں۔ انٹرپرائز صارفین اور طلبا کو اگلے ہفتے رسائی ملے گی۔ ”پرو“ پلان میں لامحدود استعمال کی سہولت بھی شامل ہے۔
جی پی ٹی-5 میں چار نئے پری سیٹ اسٹائلز (Cynic، Robot، Listener، Nerd) شامل ہیں جو صارف کے بات کرنے کے انداز سے مطابقت پیدا کرتے ہیں۔ ماڈل کو 5 ہزار گھنٹے کے ٹیسٹ کے بعد محفوظ بنانے کے لیے خصوصی تربیت دی گئی ہے، جو خطرناک سوالات پر محفوظ متبادل فراہم کرتا ہے۔
مائیکروسافٹ نے اعلان کیا ہے کہ جی پی ٹی-5 اب کوپائلٹ، 365 کوپائلٹ اور انٹرپرائز سروسز میں شامل ہوگا جبکہ گٹ ہب کوپائلٹ میں اس کے انضمام سے ڈویلپرز کے لیے کوڈ لکھنا، ٹیسٹ کرنا اور ڈپلائے کرنا مزید آسان ہو جائے گا۔