
کراچی ٹریفک پولیس نے جشنِ آزادی اور معرکہ حق کی خوشی میں نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے میوزیکل نائٹ کے لیے خصوصی ٹریفک اور پارکنگ پلان جاری کر دیا۔
پلان کے مطابق تقریب میں شرکت کرنے والے شہریوں کے لیے ایکسپو سینٹر اور چائنا گراؤنڈ میں پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ اسٹیکر والی گاڑیاں نیشنل اسٹیڈیم میں گیٹ نمبر 1 اور گیٹ نمبر 11 سے داخل ہو سکیں گی۔
ضلع وسطی کے شہری حسن اسکوائر پل سے اتر کر ایکسپو سینٹر میں گاڑی پارک کریں گے جہاں سے شٹل سروس کے ذریعے نیشنل اسٹیڈیم پہنچایا جائے گا۔
ضلع جنوبی، شرقی اور ملیر کے رہائشی کارساز، نیوٹاؤن اور راشد منہاس روڈ کے راستے چائنا گراؤنڈ میں پارکنگ کر سکیں گے۔ تقریب کے دوران سر شاہ سلیمان روڈ، نیشنل اسٹیڈیم روڈ، حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ اور کارساز روڈ پر ٹریفک دباؤ متوقع ہے اس لیے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی ہوگی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کرنے اور پارکنگ صرف مختص مقامات پر کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ کسی بھی رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔