
خیبر پختونخوا کے بندوبستی اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں سنگین غلطیاں سامنے آگئیں۔ ضلعی ترقیاتی پروگرام کے تحت چلنے والے 4 ہزار کے قریب منصوبوں کے جی پی ایس کوآرڈینیٹس غلط نکل آئے جب کہ ہزاروں منصوبوں کے کوآرڈینیٹس سرے سے موجود ہی نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے ضلعی سطح پر مقامی ترقیاتی منصوبوں کے لیے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ پلان شروع کیا تھا جس کی مجموعی لاگت 71 ارب 65 کروڑ روپے سے زائد رکھی گئی۔ اس فنڈ سے صوبے میں مجموعی طور پر 14 ہزار 157 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی جن میں سے بیشتر مکمل بھی ہوچکے ہیں۔
محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کی جانب سے شروع کیے گئے تصدیقی عمل کے دوران معلوم ہوا کہ صرف 10 ہزار سے زائد منصوبوں کے جی پی ایس کوآرڈینیٹس دیے گئے تھے اور ان میں سے 3 ہزار 995 منصوبوں کے کوآرڈینیٹس غلط ثابت ہوئے جب کہ 4 ہزار 93 منصوبوں کے کوآرڈینیٹس موجود ہی نہیں ہیں۔
اس طرح کل 14 ہزار سے زائد منصوبوں میں سے صرف 6 ہزار کے قریب منصوبوں کی درست نشاندہی ممکن ہوسکی ہے۔
صوبائی حکومت نے معاملے کی سنگینی کے پیش نظر محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کے ذیلی ادارے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیویشن کو فوری طور پر ضلعی سطح پر تمام منصوبوں کی جانچ پڑتال کی ہدایت کی ہے جس کے بعد حتمی صورتحال واضح ہوگی۔