
مینلو پارک: میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے بدھ کے روز مصنوعی ذہانت سے چلنے والی اسمارٹ عینکیں پیش کیں، جن میں لینز کے اندر ایک چھوٹی ڈسپلے اسکرین نصب ہے۔ یہ نئی میٹا رے بین ڈسپلے عینکیں مستقبل کی طرف ایک اہم قدم ہیں، جہاں لوگ بار بار موبائل فون اسکرین دیکھنے کے بجائے اپنی عینکوں کے ذریعے میٹا کی اے آئی ٹیکنالوجی، پیغامات، تصاویر اور دیگر آن لائن سرگرمیوں تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔ یہ عینکیں دیکھنے میں عام چشمے یا سن گلاسز جیسی ہیں۔
اس جدید ٹیکنالوجی پر بات کرتے ہوئے مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ “عینکیں ذاتی مصنوعی ذہانت کے لیے بہترین ذریعہ ہیں، کیونکہ یہ آپ کو لمحۂ موجود میں رہنے دیتی ہیں اور ساتھ ہی آپ کو ایسے ٹولز فراہم کرتی ہیں جو آپ کی یادداشت، حواس اور بات چیت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔”
یہ اعلان میٹا کے سالانہ کنیکٹ ایونٹ میں کیا گیا، جہاں کمپنی نے اپنی نئی اے آئی ٹیکنالوجیز، ورچوئل ریئلٹی، اگمینٹڈ ریئلٹی اور ویریبل ڈیوائسز متعارف کرائیں۔ اس موقع پر نئی اسپورٹس عینکیں میٹا اوکلی وینگارڈ اور نئی گیمز اور ڈزنی پلس کے ساتھ شراکت داری کے تحت کویسٹ 3 ہیڈسیٹ کے لیے ایپلی کیشنز بھی پیش کی گئیں۔
میٹا رے بین ڈسپلے: فون کی جگہ لینے والی عینکیں
یہ عینکیں لینز کے اندر ایک چھوٹی ڈسپلے اسکرین رکھتی ہیں جو صارف کو ایسا محسوس کرواتی ہے جیسے معلومات ارد گرد کی دنیا میں تیر رہی ہوں۔ اس ڈسپلے پر صارف میسجز پڑھ اور بھیج سکتا ہے، تصاویر اور ویڈیوز دیکھ اور ریکارڈ کر سکتا ہے، انسٹاگرام ریلز دیکھ سکتا ہے اور ویڈیو کالز بھی کر سکتا ہے۔
یہ عینکیں نقشے پر حقیقی وقت میں صارف کی لوکیشن دکھاتی ہیں تاکہ چلتے ہوئے فون پر میپ دیکھنے کی ضرورت نہ پڑے۔ اس کے علاوہ یہ گفتگو کو لائیو کیپشن اور ترجمہ بھی کرتی ہیں، اور ان کیپشنز کو ٹرانسکرپٹ کی شکل میں محفوظ بھی کیا جا سکتا ہے۔
صارفین ان عینکوں کو ایک خاص نیورل رِسٹ بینڈ کے ذریعے ہاتھ کے اشاروں سے بھی کنٹرول کر سکتے ہیں، مثلاً انگوٹھے اور انگلی کو ٹچ کرنے سے میوزک پلے کیا جا سکتا ہے۔ ڈسپلے کو جب چاہیں بند کر کے عینک کو عام چشمے کی طرح استعمال کیا جا سکتا ہے۔
بیٹری ایک چارج پر چھ گھنٹے چلتی ہے جبکہ کیس میں 30 گھنٹے کا اضافی بیک اپ موجود ہے۔ یہ عینکیں 30 ستمبر سے امریکہ میں منتخب اسٹورز پر 799 ڈالر میں دستیاب ہوں گی۔
میٹا رے بین جنریشن 2
جنریشن 2 اسمارٹ عینکیں 379 ڈالر میں دستیاب ہوں گی۔ ان میں بہتر کیمرہ، زیادہ بیٹری لائف (آٹھ گھنٹے) اور اضافی 48 گھنٹے کا چارجنگ کیس دیا گیا ہے۔ یہ اب 3K ویڈیو ریکارڈ کر سکتی ہیں اور آنے والے مہینوں میں سلو موشن اور ہائپرلیپس ویڈیو کی سہولت بھی شامل ہوگی۔
میٹا اوکلی وینگارڈ اسپورٹس عینکیں
نئی میٹا اوکلی وینگارڈ عینکیں کھیلوں اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں اور ان کی قیمت 499 ڈالر رکھی گئی ہے۔ یہ اسمارٹ عینکیں اسٹریوا اور گارمن ایپس سے جڑتی ہیں تاکہ ورزش کا مکمل ڈیٹا، تصاویر، ویڈیوز اور اے آئی کی جانب سے تیار کردہ خلاصہ فراہم کیا جا سکے۔
ان میں بڑی اور طاقتور اسپیکرز موجود ہیں تاکہ ہوا کے شور میں بھی میوزک سنائی دے۔ بیٹری لائف نو گھنٹے تک ہے اور یہ پانی اور گرد و غبار سے محفوظ رہتی ہیں۔ کیمرہ درمیان میں لگایا گیا ہے جس سے وسیع زاویہ کی ویڈیو ریکارڈنگ ممکن ہوتی ہے۔
زکربرگ نے بتایا کہ انہوں نے خود یہ عینکیں پہن کر سرفنگ کی ہے اور یہ بالکل درست کام کرتی ہیں۔