
قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے طویل انتظار کے بعد خوشخبری سُن لی، محمود خان اچکزئی کو قائدِ حزبِ اختلاف مقرر کر دیا گیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے چیف وہب عامر ڈوگر کو اپنے چیمبر میں طلب کیا اور رسمی طور پر نوٹیفکیشن حوالے کیا۔
اسپیکر نے نوٹیفکیشن دیتے ہوئے کہا کہ قائدِ حزبِ اختلاف کی تقرری کا نوٹیفکیشن آپ کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ محمود خان اچکزئی کے باقاعدہ طور پر اپوزیشن لیڈر کے طور پر نوٹیفکیشن جاری ہونے پر تمام قومی اسمبلی ممبران نے انہیں مبارک باد دی۔
اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا حق تھا جو ہمیں طویل انتظار کے بعد ملا ہے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں بھی اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کے درمیان طویل مشاورت کے بعد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے طور پر علامہ راجا ناصر کی تقرری کا نوٹیفکیشن پیر کے روز جاری کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ مشاورت کے دوران پارلیمانی روایات، آئینی تقاضوں اور اپوزیشن کی نمائندگی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے ایوان بالا میں قانون سازی کے عمل میں اپوزیشن کے کردار کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا اور پارلیمانی معاملات میں توازن پیدا ہوگا۔
سیاسی حلقوں میں اس فیصلے کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے سینیٹ میں اپوزیشن کو باضابطہ قیادت میسر آ سکے گی۔