
پاکستان کرکٹ بورڈ کے آزاد آڈیٹرز آج کل میں پاکستان سپر لیگ کے تمام فرنچائز کو ہونے والی ویلیویشن کے تحت ان کی نئی فرنچائز فیس سے آگاہ کر دے گا۔
بدھ کو لاہور میں پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے تمام فرنچائزز کے نمائندوں کو آگاہ کردیا کہ جمعرات یا جمعہ تک ان کو آزاد آڈیٹرز کی طرف سے ساری دستاویزات مل جائیں گی۔ جس میں ان کو بتا دیا جائے گا کہ انہوں نے کس حساب سے اب ایس ایل میں کھیلنے کے لیے اگلے 10 سال کا کنٹریکٹ سائن کرنا ہے۔
ایک ذرائع کے مطابق میٹنگ میں سلمان نصیر نے فرنچائز کے نمائندوں کو یہ بتانے سے گریز کیا کہ ویلیویشن کے بعد ان کی ٹیموں کی کیا قیمت ہوگئی ہے لیکن کہا یہ جا رہا ہے کہ تمام فرنچائزز کو لے کر ان کی فیس میں 100 سے 300 فیصد اضافہ ہوگا۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کی چھ فرنچائزز کو ہر سال پی سی بی کو ایک فرنچائز فیس ادا کرنی پڑتی ہے جس میں اس وقت سب سے مہنگی ترین فرنچائز ملتان سلطان ہے جو سالانہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو 6.35 ملین ڈالر ادا کرتی ہے۔ یہ بھی بتادیا گیا ہے کہ وہ اگر نئے شرائط و ضوابط کو تسلیم نہیں کرتے تو وہ اوپن بیڈنگ میں حصہ لے سکتے ہیں جو آکشن کے تحت ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں ملتان سلطان کے نمائندے نے یہ بات بھی اٹھائی کہ وہ کون سے فرنچائز ہیں جنہوں نے بقول سلمان نصیر کے اپنے کنٹریکس کی شقوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے اس بات کی یاد دہانی کروائی کہ ہر فرنچائز نے کسی نہ کسی وقت شقوں کی خلاف ورزی کی ہے یا تو فیس دیر سے ادا کرنے میں یا پھر بورڈ کو ایسے چیک دیئے جو باؤنس ہوگئے۔