
انڈین ہیون پریمیئر لیگ کی انتظامیہ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کرکٹ کے نام پر بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ساتھ فراڈ کردیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں انڈین ہیون پریمیئر لیگ (آئی ایچ پی ایل) کے نام سے ٹورنامنٹ میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کو دعوت دی گئی۔
آسٹریلوی کرکٹر شان مارش اور بنگلہ دیش کے کھلاڑی شکیب الحسن نے دعوت دیئے جانے کے باوجود ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کردیا تھا۔ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کو پیسوں کی ادائیگی نہیں کی گئی۔ جس کی وجہ سے ٹورنامنٹ ملتوی کرنا پڑا۔
ٹورنامنٹ کی انتظامیہ اور لیگ مالکان کھلاڑیوں کو پیسے دیئے بغیر راتوں رات غائب ہوگئے۔ جس کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی کرس گیل بھی ٹورنامنٹ درمیان میں چھوڑ کر واپس چلے گئے۔
سری نگر کرکٹ اسٹیڈیم میں ابتدائی چند میچز کے بعد پیسوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے حالات خراب ہوئے۔ انڈین ہیومن پریمیئر لیگ 25 اکتوبر سے 8 نومبر تک کھیلی جانی تھی۔ تاہم اس ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کے ساتھ امپائرز اور ہوٹل مالکان کو بھی ادائیگیاں نہیں کی گئیں۔