عید قرباں میں سب سے زیادہ استعمال دھنیا، پودینہ اور لیموں جیسی عام سبزیوں کا ہوتا ہے. جس کی وجہ سے دکان دار ان عام سی سبزیوں کو سونے کے بھاؤ بیچتے ہیں. لیکن اب دکان داروں کے ہاتھوں بیوقوف بننے کی کوئی ضرورت نہیں. ابھی بھی عید میں 2 ہفتے ہیں اور ان دنوں میں آرام سے دھنیا پودینہ اگایا جاسکتا ہے. اس کا طریقہ ہم آپ کو بتاتے ہیں.
دھنیا اگانے کے لئے خشک دھنیا کے بیج کو کسی مٹی کے گملے میں فاصلے سے ڈالیں اور اوپر سے مٹی ڈال کر دبا دیں. ہلکا سا پانی کا چھڑکاؤ کر کے ایسی ھ
جگہ رکھیں جو روشن ہو لیکن براہ راست دھوپ نہ پڑتی ہو. گرمی کے دن ہیں اس لئے روزانہ ہلکا ہلکا پانی کا چھڑکاؤ کریں. 3، 4 دن میں کونپل پھوٹ جائے گی. اس کو استعمال کرنے کے لئے ہمیشہ اوپر سے کچھ انچ کاٹیں تاکہ نیچے سے نئی شاخیں نکل آئیں.
پودینہ اگانے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ بازار سے پودینہ منگوا کر اس کی ساری پتیاں توڑ دیں لیکن سرے پر موجود چھوٹی پتیوں کو لگا رہنے دیں.
اب ان ٹہنیوں کو مٹی کے گملے میں فاصلے سے دبا دیں اور پانی کا چھڑکاؤ کر کے سائے میں رکھ دیں.
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ اوپر کی پتیاں چھوڑ کر ساری نکال دیں. اب تمام ٹہنیوں کو 4،5 ٹشو پیپر میں لپیٹ دیں اور پانی کا اسپرے کر کے کسی ائیر ٹائٹ باکس میں رکھ کر فریج میں رکھ دیں. 3،4 دن بعد کھول کے دیکھیں گی تو نئی کونپلیں آ چکی ہوں گی. ان کو مٹی میں دبا کر پانی ڈال دیں اور سائے میں رکھ دیں. گھر کے تازہ تازہ ہرا دھنیا اور پودینہ کا لطف اٹھائیں.