پولیس کو اپنی شادی پر فائرنگ کرنے والی دلہن کی تلاشانڈیا کی ریاست اترپردیش میں پولیس کو اس دلہن کی تلاش ہے جس نے اپنی شادی پر ہوائی فائرنگ کی تھی۔سوشل میڈیا پر موجود ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہن دولہے کے ساتھ بیٹھی ہوئے اسلحے سے چار راؤنڈ فائر کرتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد سے خاتون لاپتہ ہے لیکن اس کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ انڈیا کی شمالی ریاستوں میں جشن کے موقع پر ہوائی فائرنگ عام ہے اور اس کے نتیجے میں لوگوں کے زخمی ہونے اور حادثاتی اموات کے کیسز سامنے آتے رہتے ہیں۔ انڈیا میں قانون کے مطابق اگر کوئی بھی شخص اسلحے کا استعمال ’غیر ذمہ دارانہ طریقے یا جشن‘ کے لیے کر کے دوسروں کو خطرے میں ڈالتا ہے تو اسے جیل یا جرمانہ یا دونوں ہو سکتی ہیں۔ اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کی ایک عدالت نے سنہ 2016 میں حکم دیا تھا کہ جشن منانے کے لیے فائرنگ کے ہر واقعے کی تحقیقات لازم ہیں پھر چاہے اس سے متعلق کوئی کیس رجسٹرڈ ہوا ہو یا نہیں۔ انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق دلہن کے ایک رشتہ دار نے یہ ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے۔ پولیس نے اخبار کو بتایا کہ خاتون گرفتاری کے خوف کی وجہ سے ’فرار‘ ہے۔
|