انڈین پنجاب کے سیاست دان اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو پانچ سال بعد کامیڈی شو کپل شرما شو میں دوبارہ واپس آ رہے ہیں۔انڈین میڈیا کے مطابق حال ہی میں فلم اور ٹی وی سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر نشر ہونے والے ’دی گریٹ انڈین کپل شو سیزن ٹو‘ کا نیا پرومو جاری کیا گیا ہے جس میں نوجوت سنگھ سدھو بھی موجود ہیں۔ نوجوت سنگھ نے اپنے انسٹاگرام پر پروگرام کا پرومو شیئر کیا ہے جس میں انہیں شو کے جج کی کرسی پر بیٹھے دکھایا گیا ہے جبکہ ارچنا پورن سنگھ پریشان دکھائی دے رہی ہیں۔پرومو میں کپل نے ہنسی مذاق میں کہا کہ ارچنا پورن سنگھ نے نوجوت سنگھ سدھو سے مشابہت اختیار کرنے کے لیے بھیس بدل لیا ہے، جس پر سدھو نے واضح کیا کہ وہ حقیقت میں نوجوت سنگھ ہی ہیں۔اس کے بعد ارچنا پورن سنگھ سٹیج پر قدم رکھتی ہیں اور کپل سے مداخلت کرنے کو کہتی ہیں کہ ’کپل، سردار صاحب سے کہو کہ میری سیٹ خالی کر دیں، انہوں نے میری جگہ لے لی ہے۔‘انڈیا کے سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ بھی اس ایپی سوڈ میں موجود تھے اور انہوں نے سدھو کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’کوئی بھی صحیح معنوں میں ان کی جگہ نہیں لے سکتا‘۔ View this post on Instagram A post shared by Navjot Singh Sidhu (@navjotsinghsidhu)ویڈیو کے اختتام پر واضح ہو جاتا ہے کہ نوجوت سنگھ کپل شرما شو میں جج کے بجائے بطور مہمان شریک ہونے والے ہیں اور ان کے ہمراہ ان کی اہلیہ بھی موجود ہوں گی۔ واضح رہے نوجوت سنگھ سدھو نے 2019 تک کپل شرما شو میں جج کا کردار ادا کیا تھا جس کے بعد ان کی جگہ ارچنا پورن سنگھ نے لے لی تھی۔ پلواما حملوں پر سدھو کے ایک بیان نے انہیں مشکل میں ڈال دیا تھا جس پر انڈیا میں ان کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے تھے اور کپل شرما شو کی انتظامیہ کو انہیں شو سے علیحدہ کرنا پڑا تھا۔ نوجوت سنگھ کپل شرما کے کامیڈی شوز میں اپنے لطیفوں، شاعری اور ہنسنے کے انداز سے شو میں چھائے رہتے تھے اور انہیں کافی مقبولیت حاصل تھی۔ کپل شو سے باہر ہونے کے بعد مداحوں کی جانب سے قیاس آرائی کی جا رہی تھی کہ شاید نوجوت سنگھ کی کپل شو میں واپسی ہوگی۔ تاہم نیٹ فلکس کی جانب سے انہیں پانچ سال بعد شو میں بطور مہمان مدعو کیا گیا ہے۔