پاکستان کے نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے جمعرات کی شب پی ٹی آئی کے سربراہ کی اہلیہ کے متنازع دعوے پر ردِ عمل میں کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب قریبی دوست اور بھائی ہیں اور دونوں کا تعلق باہمی احترام پر مبنی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کی اہلیہ کے متنازع بیان کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ترقی و خوشحالی کے سفر کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ جمعے کو نائب وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستانی قوم کو سعودی عرب کے ساتھ قریبی تعلقات پر فخر ہے جس نے پاکستان کا اچھے برے وقت میں ہمیشہ ساتھ دیا ہے۔‘نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ سیاسی فائدے کے لیے سعودی عرب کا نام استعمال کرنا افسوسناک اور اضطرابی ذہنی کیفیت کی عکاسی کرتا ہے۔بیان میں تمام سیاسی قوتوں پر زور دیا ہے کہ ’سیاسی مقاصد کے لیے پاکستان کی خارجہ پالیسی پر سمجھوتہ کرنے سے باز رہیں۔‘ دریں اثنا جیو ٹی وی کے مطابق پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل (ریٹائرڈ) باجودہ کے قریبی ذرائع نے پی ٹی آئی کے سربراہ کی اہلیہ کے متنازع دعوے کی سختی سے تردید کی ہے۔