
پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے صاحبزادے جنید صفدر کی دوسری شادی طے پا گئی ہے۔ باخبر ذرائع کے مطابق جنید صفدر کی منگنی لاہور میں ہونے جا رہی ہے، اور ان کا رشتہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے قریبی رشتہ دار کی نواسی سے طے ہوا ہے۔
خاندانی ذرائع نے نجی چینل کو بتایا کہ جنید صفدر کا رشتہ عثمان جاوید کی بیٹی سے طے کیا گیا ہے۔ عثمان جاوید، 48 برس کے ہیں اور میاں طارق شفیع کے صاحبزادے ہیں۔ طارق شفیع، جاوید شفیع کے بھائی ہیں، جو نواز شریف کے چچا زاد بھائی اور اتفاق گروپ انڈسٹریز کے ایک اہم رکن سمجھے جاتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف، مریم نواز اور طارق شفیع سمیت دونوں خاندانوں کی ملاقات ماڈل ٹاؤن میں نواز شریف کی رہائش گاہ پر ہوئی، جہاں یہ رشتہ رسمی طور پر طے کیا گیا۔
ایک خاندانی ذریعے نے بتایا: ’’رشتہ طے ہو چکا ہے اور جلد منگنی کی تقریب بھی ہو گی۔ نکاح اور منگنی کی تاریخیں دونوں خاندان مل کر طے کریں گے۔‘‘
یاد رہے کہ یہ جنید صفدر کی دوسری شادی ہوگی۔ ان کی پہلی شادی عائشہ سیف سے ہوئی تھی، جو قطر میں مقیم بزنس مین سیف الرحمان خان کی بیٹی ہیں۔ یہ شادی 2021 میں لندن کے معروف ہوٹل ’دی لینسبرو‘ میں ہوئی تھی، جب نواز شریف جلاوطنی میں تھے۔ تاہم یہ رشتہ زیادہ دیر نہ چل سکا اور دونوں نے باہمی رضامندی سے اکتوبر 2023 میں طلاق لے لی۔
جنید صفدر نے طلاق کے بعد لندن چھوڑ کر اکتوبر ہی میں پاکستان واپسی کی تھی تاکہ وہ اپنی والدہ مریم نواز کے ساتھ ان کے سیاسی معاملات میں معاونت کر سکیں۔