کرشمہ کپور جن کی زندگی کسی ’بالی وڈ فلم سے کم نہیں‘


بالی وڈ کے معروف کپور خاندان کے بارے میں ایک زمانے میں کہا جاتا تھا کہ اس خاندان کے گھر کی خواتین کو فلموں میں کام کرنے کی اجازت نہیں۔اور پرتھوی راج کپور کے گھر کی دُلہن بننا ہے تو اِس کے لیے پہلی شرط فلموں سے کنارہ کشی ہوتی تھی۔ چنانچہ اس کی مثال اپنے زمانے کی معروف اداکارائيں يوگیتا بالی، نیتو سنگھ اور ببیتا ہیں۔شمی کپور سے شادی کے بعد یوگیتا بالی نے اپنے کیریئر کے عروج پر ہی فلموں سے دُوری اختیار کر لی۔ یہی کہانی نیتو سنگھ کے ساتھ بھی دہرائی گئی جب انہوں نے رشی کپور سے شادی کی، لیکن اس سے قبل رندھیر کپور کے ساتھ ببیتا کی شادی بھی اس کی بڑی مثال ہے۔ان اداکاراؤں نے فلمی کیریئر کے بجائے کپور خاندان کی دُلہن ہونے کو قبول کیا۔ ششی کپور کی اہلیہ جینیفر کے بارے میں بھی یہی کہا جا سکتا ہے حالانکہ اُن کی بالی وڈ فلموں میں موجودگی برائے نام رہی ہے۔ہم یہاں اِن شادیوں اور فلموں سے دُوری کا تذکرہ اس لیے کر رہے ہیں کہ آج ہم کپور خاندان کی اس باغی لڑکی کا ذکر کر رہے ہیں جس نے اپنی ضِد کے آگے اس روایت کو تار تار کر دیا۔یہ لڑکی ببیتا اور رندھیر کپور کی بیٹی کرشمہ کپور ہیں اور آج وہ اپنا 51 واں جنم دن منا رہی ہیں۔کرشمہ کپور 51 سال قبل 25 جُون 1974 کو پیدا ہوئیں۔ ان کی والدہ نے ان کا پکارنے والا عُرفی نام ’لولو‘ رکھا تھا جو اطالوی اداکارہ جینا لولوبریگیڈا سے متاثر ہو کر رکھا گیا تھا۔کرشمہ کپور اپنے زمانے کی اداکارہ سری دیوی اور مادھوری ڈکشت کے زیرِ اثر پروان چڑھیں۔ وہ اپنے والدین کے ساتھ مختلف تقاریب میں شرکت کرتیں اور اس طرح بچپن سے ہی ان میں سلیبریٹی بننے کے خواب نے کروٹ لینا شروع کر دی تھی۔جب کرشمہ نے فلموں میں جانے کی ضِد کی تو اُن کے والد نے دوٹوک الفاظ میں منع کر دیا اور ماں باپ میں اس قدر تلخی بڑھی کہ دونوں نے 1988 میں علیحدگی اختیار کر لی۔ اس وقت کرشمہ کپور کی عمر کوئی 14 برس تھی۔ببیتا نے کرشمہ اور کرینہ کی پرورش کے لیے ملازمتیں بھی کیں اور بالآخر دونوں کو لانچ کر کے دم لیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)والدہ ببیتا نے کرشمہ کپور اور اُن کی چھوٹی بہن کرینہ کپور کی پرورش کی۔ اُن کی پرورش کے لیے انہیں کئی ملازمتیں بھی کرنا پڑیں لیکن انہوں نے دونوں بیٹیوں کو لانچ کر کے ہی دم لیا۔خیال رہے کہ ببیتا کی فرسٹ کزن اداکارہ سادھنا ہیں اور دونوں ہری شیودیسانی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ رندھیر کپور اور ببیتا نے کئی سال تک الگ رہنے کے بعد 2007 میں صُلح کر لی۔کرشمہ کپور کو فلموں کا اس قدر جُنون تھا کہ انہوں نے اس کے لیے اپنی تعلیم ادھُوری چھوڑ دی اور 16 سال کی کچی عمر میں فلموں میں قدم رکھا اور اس کیریئر کو اپنایا جو اُن کے خاندان میں خواتین کے لیے ممنوع تھا۔کرشمہ کی پہلی فلم ’پریم قیدی‘ 1991 میں ایک نامعلوم اداکار ہریش کمار کے ساتھ آئی۔ اس فلم نے واجبی سا بزنس کیا لیکن اِس کے بعد اُن کی جو پانچ فلمیں آئیں وہ سب کی سب ناکام ہو گئیں۔ اب شاید کرشمہ کپور اُن کا نام بھی نہ لینا چاہیں۔اگرچہ ’جاگرتی‘ اور’نشچے‘ میں اُن کے ساتھ سلمان خان تھے اور ’دیدار‘ میں اکشے کمار، اس کے باوجود یہ فلمیں فلاپ رہیں۔ سنہ 1993 میں ساؤتھ انڈیا کے معروف اداکار وینکٹیش کے ساتھ اُن کی فلم ’اناڑی‘ ریلیز ہوئی جو کہ اُن کی پہلی کامیاب فلم ٹھہری اور اسی فلم نے کرشمہ کپور کی بطور ایک اداکارہ پہچان بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔کرشمہ کپور کی فلم ’انداز اپنا اپنا‘ نہ صرف کامیاب رہی بلکہ آنے والے دنوں میں کلٹ فلم ثابت ہوئی (فائل فوٹو: سکرین گریب)اس کے بعد اداکار گووِندا کے ساتھ اُن کی کئی فلمیں آئیں لیکن سب کی سب باکس آفس پر فلاپ ثابت ہوئیں۔ سنہ 1994 میں فلم ’راجا بابو‘ آئی جو کہ بہت کامیاب ٹھہری۔اسی سال عامر خان اور سلمان خان کے ساتھ ان کی فلم ’انداز اپنا اپنا‘ ریلیز ہوئی جس میں روینہ ٹنڈن بھی تھیں۔ یہ فلم نہ صرف کامیاب رہی بلکہ آنے والے دنوں میں کلٹ فلم ثابت ہوئی۔اپنی خراب ابتدا کے بارے میں بات کرتے ہوئے ایک بار کرشمہ کپور نے کہا تھا کہ ’جب میں نے انڈسٹری میں قدم رکھا تو میرے لیے چیزیں مشکل ہو گئیں۔‘’میں یہ نہیں کہہ رہی کہ مجھے نشانہ بنایا گیا۔ میرے خیال میں ہر سٹار کِڈ کو اس سے گزرنا ہوتا ہے۔ سب نے میرے ساتھ بہت ناانصافی کی۔‘انہوں نے کہا تھا کہ ’دوسرے نئے آنے والوں کو ہر چھوٹی بڑی کامیابی پر سراہا گیا، لیکن میری پذیرائی بالکل نہیں کی گئی۔ میرے کام کو معقول طریقے سے انجام دینے کے لیے بھی کسی نے 17 سال کی لڑکی کو کریڈٹ نہیں دیا۔‘عامر خان کے ساتھ ان کی فلم ’راجا ہندوستانی‘ بہت کامیاب رہی، لیکن انہیں اداکاری کے لیے پہلا فلم فیئر ایوارڈ ’جب جب پُھول کھلے‘ کے لیے ملا۔کرشمہ کپور کی اپنی زندگی بھی کسی فلمی کہانی سے کم نہیں جس میں وہ اپنی والدہ کے ساتھ اپنے سپنے کو جینے کے لیے لڑتی ہیں اور پھر فلم انڈسٹری میں قدم جمانے کے لیے انہیں کافی تگ و دو کرنا پڑتی ہے۔کرشمہ کپور نے فلموں میں جانے کی ضِد کی تو اُن کے والدین میں تلخی بڑھی اور پھر علیحدگی ہوگئی (فائل فوٹو: اے ایف پی)17 سال کی عمر میں وہ اپنے ساتھی اداکار اجے دیوگن کے ساتھ جذباتی رشتے میں جُڑ جاتی ہیں اور کئی سال تک دونوں میں قُربتیں نظر آتی ہیں۔اِس کے بعد اُن کا رشتہ امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشیک بچن کے ساتھ نظر آتا ہے، یہاں تک کہ اُن کی منگنی بھی ہو جاتی ہے۔خیال رہے کہ ابھیشیک بچن نے اپنے فلمی کیریئر کی ابتدا کرشمہ کپور کی بہن کرینہ کپور کے ساتھ فلم ’رفیوجی‘ سے کی۔ کرینہ کپور کی بھی یہ پہلی فلم تھی۔ اس طرح دیکھا جائے تو دو سٹار کِڈز کو ایک ساتھ لانچ کرنے کا یہ ایک تاریخی واقعہ ہے۔بہرحال یہ رشتہ جاری نہ رہ سکا اور چند ماہ بعد ہی یہ منگنی ٹُوٹ گئی۔ پھر کرشمہ نے 2003 میں تاجر سنجے کپور سے شادی کی جن سے اُن کے ہاں 2005 میں ایک بیٹی پیدا ہوئی جبکہ 2011 میں انہوں نے ایک بیٹے کو جنم دیا۔تاہم کرشمہ کپور اور سنجے کپور شادی زیادہ عرصے تک نہ چل سکی اور 2014 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔ابھی چند دن قبل جب سنجے کپور چل بسے تو کرشمہ ان کی تعزیتی تقریب میں شریک ہوئیں اور خبروں کی زینت بھی بنیں۔انہیں انڈیا کی خوب صورت اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے اور فوربز کی ٹاپ 100 سلیبریٹیز کی فہرست میں بھی اُن کا نام شامل رہا ہے۔ سنہ 2003 میں کرشمہ کپور نے سنجے کپور سے شادی کی، تاہم 2014 میں دونوں کی طلاق ہو گئی (فائل فوٹو: وِکی میڈیا)کرشمہ کپور کو فلم فیئر ایوارڈز میں آٹھ بار بہترین اداکارہ کے لیے نامزد کیا گیا جن میں سے چار بار اُنہیں یہ ایوارڈ ملا۔ اُن کی ایک درجن سے زیادہ فلمیں انتہائی کامیاب تصور کی جاتی ہیں اور ایک زمانے میں وہ انڈیا کی سب سے مہنگی اداکارہ تھیں۔کرشمہ کپور کے سر یہ سہرا جاتا ہے کہ انہوں نے خود کو اپنی انسپریشن سری دیوی اور مادھوری ڈکشت کا متبادل ثابت کیا۔اگرچہ کرینہ کپور ذاتی زندگی اور فلم دونوں میں اپنی بڑی بہن سے زیادہ کامیاب تصور کی جاتی ہیں لیکن دونوں نے اب تک ایک ساتھ کسی فلم میں کام نہیں کیا۔شیام بینیگل کی فلم ’زبیدہ‘ میں کرشمہ کپور کی اداکاری نے اُن کے بڑے سے بڑے ناقد کا منھ بند کر دیا۔ وہ اب بھی گاہے گاہے فلموں میں نظر آتی ہیں لیکن سنہ 2000 کے بعد سے وہ فلموں کے انتخاب کے معاملے میں قدرے ‘چُوزی‘ ہو گئی تھیں۔

 
 

Watch Live TV Channels
Samaa News TV 92 NEWS HD LIVE Express News Live PTV Sports Live Pakistan TV Channels
 

مزید آرٹ اور انٹرٹینمنٹ

انڈیا میں دھورندھر کے ناقد ’منظم حملوں اور ہراسانی‘ کی زد میں: ’فلم پاکستان کو بے قابو اور وحشی معاشرے کے طور پر پیش کرتی ہے‘

فضا علی اور مامیا شجفر کی صبا فیصل پر شدید تنقید

سینئر اداکار نے وضو سے متعلق بیان پر تنقید کرنے والوں کو کیا جواب دے دیا؟

سردیوں میں جوڑوں کے درد سے نجات۔۔ سونٹھ، دارچینی اور شہد کے ساتھ

بھارتی فلم 'دھریندر ‘ پر خلیجی ممالک میں پابندی لگ گئی

سعودی عرب کے سوشل میڈیا انفلوئنسر ابو مرضع سڑک حادثے میں جاں بحق

بیوی کے دفاع میں یاسر نواز سامنے آگئے، فضا علی سے کیا مطالبہ کر دیا؟

ربیکا اور حسین نے سلامی کی رقم مداحوں کے ساتھ شیئر کر دی، ویڈیو وائرل

اداکارہ حرا سومرو کی رنویر سنگھ کے ساتھ فوٹو شوٹ، سوشل میڈیا پر ہنگامہ

چائے میں لونگ کا جادو: ذائقے کے ساتھ صحت کے بے شمار فوائد بھی

پہلے کہتے تھے شادی کب ہوگی اور اب پوچھتے ہیں طلاق کب ہوگی، ابھیشیک بچن

تعویذ، آدھی آستین اور ڈبل پاکٹس! رنویر سنگھ کے گیٹ اپ پر سوشل میڈیا طنز و مزاح کا طوفان

بھارتی فلم دھریندر کے پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور اداکاروں کے خلاف عدالت میں درخواست

جیل میں سینڈوچ بھی نا ملا، ڈکی بھائی کے شکوے پر مداحوں کی تنقید

اکشے کھنہ کے کردار ’رحمان ڈکیت اور اورنگزیب‘: جب فلم میں وِلن کا کردار ہیرو سے بھی بڑا ہو جائے

عالمی خبریں تازہ ترین خبریں
پاکستان کی خبریں کھیلوں کی خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ سائنس اور ٹیکنالوجی