
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کوئٹہ میں حالیہ خودکش حملے کے بعد کی صورتحال اور بلوچستان کے سنگین مسائل پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر سپریم کورٹ بار رؤف عطا نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس دس روز کے اندر منعقد کی جائے گی جس میں بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال نہایت مخدوش ہے، قومی شاہراہیں بند ہیں اور صوبے میں اس وقت وزیر داخلہ تک موجود نہیں۔ ان کے بقول بلوچستان کے اراکین اسمبلی اپنے حلقوں میں بھی نہیں جاسکتے۔
رؤف عطا نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور ذمہ دار قیادت کی ضرورت ہے، محض بیانات سے حالات درست نہیں ہوں گے۔