
کراچی ایک بار پھر بارش کے زیرِ اثر آگیا۔ کہیں ہلکی بونداباندی نے موسم خوشگوار بنایا تو کئی علاقوں میں تیز اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ گلستانِ جوہر، ملیر، ماڈل کالونی اور آئی آئی چندریگر روڈ سمیت اطراف کے علاقوں میں بارش نے سڑکوں پر پانی جمع کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت بھارتی ریاست گجرات کے اوپر ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، جسے بحیرہ عرب سے آنے والی نمی تقویت فراہم کر رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سسٹم شدت اختیار کر کے ڈپریشن میں بھی تبدیل ہوسکتا ہے اور امکان ہے کہ کل تک شمالی بحیرہ عرب میں داخل ہو جائے۔
اس سے قبل دن کے وقت بھی شہر کے مختلف حصوں میں بادل برسے تھے۔ گرومندر، صدر، اولڈ سٹی ایریا، گارڈن، لیاقت آباد، ایف بی ایریا، ایف سی ایریا اور پرانی سبزی منڈی سمیت قریبی مقامات پر بارش نے گرمی کی شدت کم کر دی اور شہریوں کو سکون کا سانس لینے کا موقع دیا۔