
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے فورسز کے خلاف بیانات پر اظہار مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ضبط و تحمل اور قومی یکجہتی برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہمارے بہادر سپاہی صوبے کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کرتے ہیں، فورسز کے عزائم پر سوال اٹھانا حوصلے اور عوامی سلامتی کو نقصان پہنچاتا ہے، انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن عوام کے تحفظ اور امن کی بحالی کے لیے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاست کو قومی سلامتی کے اداروں کو کمزور کرنے کا ذریعہ نہ بنایا جائے، تمام سیاسی قوتوں کو دیرپا امن کے لیے فورسز کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ احتساب کا اصل فیصلہ عوام آئندہ انتخابات میں کریں گے۔
وزیراعلیٰ کے بیان پر خیبر یونین آف جرنلسٹس کا شدید ردعمل
مزید برآں خیبر یونین آف جرنلسٹس نے وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کے بیان پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو سیاسی تنازعات میں گھسیٹنا قابلِ مذمت ہے۔
خیبر یونین آف جرنلسٹس نے کہا کہ شہداء کے لہو اور عبادت گاہوں کے احترام پر سوال اٹھانا افسوسناک ہے، ایسے بیانات اداروں کے خلاف اشتعال اور نفرت بڑھانے کا باعث بنتے ہیں۔
خیبر یونین آف جرنلسٹس نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ غیرذمہ دارانہ الفاظ واپس لیں، سیاست کو سلامتی کے اداروں کے خلاف استعمال کرنا قومی مفاد کے منافی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، شہداء اور ان کی قربانیوں کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔
خیبر یونین آف جرنلسٹس نے کہا کہ قوم کو تقسیم نہیں، متحد کرنا چاہیے، یونین نے واضح پیغام دیا کہ قومی سلامتی اور عوامی یکجہتی ہماری اولین ترجیح ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے میڈیا سےسیکیورٹی فورسز کےحوالے سے گفتگو کی تھی۔