
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں جاری ہے اور پہلے 12 اوورز میں سری لنکن ٹیم کے چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے ہیں۔سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے ابتدا ہی سے نپی تلی بولنگ کے ذریعے مہمان ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔سری لنکا کو اپنی اننگز کے آغاز میں ہی بڑا دھچکا اس وقت لگا جب کپتان کوشل مینڈس پہلے ہی اوور میں صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ نسیم شاہ کی گیند پر وہ بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں محمد عمران کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس وقت سری لنکا کا سکور نو رنز تھا۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد کامل مشارا کریز پر آئے لیکن وہ بھی پاکستانی بولرز کے سامنے مشکل میں نظر آئے۔ مشارا 13 گیندوں پر صرف چھ رنز بنا سکے اور تیسرے اوور میں محمد عمران کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد لاہیرو اُدارا اور کمندو مینڈس نے اننگز کو سنبھالا۔لاہیرو اُدارا نے شاداب خان، رضا اللہ اور ابرار احمد کے خلاف چند دلکش شاٹس کھیلتے ہوئے رنز کی رفتار میں اضافہ کیا، جبکہ کمندو مینڈس نے محمد عمران کی بولنگ پر مسلسل دو چوکے لگا کر دباؤ کم کرنے کی کوشش کی۔دونوں کے درمیان شراکت پاکستان کے لیے خطرہ بنتی دکھائی دے رہی تھی، تاہم صائم ایوب نے نویں اوور میں اہم کامیابی دلائی۔ کمندو مینڈس سویپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میںفخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ کمندو مینڈس 18 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔Getty Imagesسری لنکا کو 10 اوورز مکمل ہونے کے فوراً بعد ایک اور دھچکا اس وقت لگا جب سہان آراچچیگے صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ محمد عمران کی شارٹ اور آف سٹمپ سے باہر جاتی گیند پر وہ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اس وقت آؤٹ ہو گئے جب شاداب خان نے بیک ورڈ پوائنٹ پر اپنی بائیں جانب شاندار ڈائیو لگا کر مشکل کیچ تھام لیا۔راولپنڈی کی پچ کے بارے میں میچ سے قبل ماہرین کا خیال تھا کہ یہ بیٹنگ کے لیے سازگار ثابت ہو گی، تاہم پاکستانی بولرز نے نئی گیند سے اچھی لائن اور لینتھ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکن بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ بعد ازاں لاہیرو اُدارا اور کمندو مینڈس نے رنز کی رفتار بہتر بنائی، لیکن پاکستان نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کر کے میچ میں اپنی گرفت برقرار رکھی ہے۔AFP via Getty Imagesفخر زمان نے سری لنکا کے بلے باز کمندو مینڈس کا کیچ تھام کر انھیں پویلین کی راہ دکھائیپاکستانی ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کر رہے ہیں جبکہ ٹیم میں فخر زمان، صائم ایوب، شاداب خان اور نسیم شاہ سمیت کئی تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں۔ دوسری جانب محمد عمران اور رضاوللہ نے قومی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا ہے۔دوسری جانب سری لنکا کرکٹ ٹیم کی کپتان کوشل مینڈس کر رہے ہیں۔ سری لنکن ٹیم میں کامل مشارا، سینتھ جے وردھنے، لاہیرو اُدارا، سہان آراچچیگے، کامندو مینڈس، داسن شاناکا، چمیندو وکرماسنگھے، دونتھ ویلالاگے، مہیش تھیکشانا، وجے کانتھ ویاس کانتھ، بنورا فرنینڈو، نووان تھشارا، ایشان ملنگا اور دشمنتھا چمیرا شامل ہیں۔تین میچوں کی اس سیریز کے باقی دو مقابلے 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں ہی کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے سہ فریقی سیریز کا آغاز ہو گا۔پاکستان ٹیلی ویژن کے مطابق پاکستان، سری لنکا ٹی ٹوئنٹی اور سہ ملکی کرکٹ سیریز کے لیے راولپنڈی میں تقریباً چھ ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ شائقین کے لیے تین پارکنگ مقامات اور متبادل راستے مختص کیے گئے ہیں۔