اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چودھری نے 5 فروری کو آزاد کشمیر کے 5 مقامات پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنانے کا اعلان کر دیا۔قومی اسمبلی میں حکمراں جماعت کے چیف وہپ اور رہنما مسلم لیگ ن طارق فضل چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں نافذ کالے قوانین کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ 5 فروری کے حوالے سے سرکاری سطح پر تقریبات اور سیمینارز ہوں گے۔ جبکہ 5 فروری کو کشمیر کے مسئلے کو بھی بھر پور طریقے سے اجاگر کیا جائے گا۔ اور اس حوالے سے شاہراہ دستور پر واک کا اہتمام کیا جائے گا۔طارق فضل چودھری نے کہا کہ 5 فروری کو کشمیری بھائیوں کی بھرپور حمایت کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔ اور بیرون ملکوں میں پاکستانی مشنز میں بھی یکجہتی کشمیر تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے وزارت امور خارجہ سمیت تمام متعلقہ وزارتوں نے مل کر ایک ایجنڈا تشکیل دیا ہے۔ وفاقی حکومت کے تمام اہم مقامات پر بینرز لگائے جائیں گے جن پر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو اجاگر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ اور آزاد کشمیر کے 5 مقامات پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔ کشمیری بھائیوں کی حمایت کے لیے یہ دن منایا جاتا ہے۔یہ بھی پڑھیں: فیصل آباد: پی ٹی آئی رہنماؤں زرتاج گل اور خیال احمد کاسترو پر فردجرم عائدرہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔ لیکن کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ تحریک آزادی کے دوران لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف بھر پور آواز بلند کی جائے گی۔ کشمیری عوام کو استصواب رائے کا بنیادی حق دیا جائے۔