
اسلام آباد: خیبر پختونخوا اور سندھ میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہو گیا۔کراچی میٹرک بورڈ کے سالانہ امتحانات میں 3 لاکھ 80 ہزار امیدوار رجسٹرڈ ہیں۔ جن کے لیے 499 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ 3 لاکھ 75 ہزار طلبا و طالبات سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ امتحانات دیں گے۔انتظامیہ کے مطابق امتحانی مراکز میں ڈیوائس یا موبائل فون ملنے کی صورت میں اسے ضبط کر لیا جائے گا۔ امتحانی مراکز کے اطراف میں فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحان بند رہیں گی۔ اور کے الیکٹرک سے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی تحریری درخواست بھی کی گئی ہے۔ناظم امتحانات کے مطابق فول پروف انتظامات کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو لیٹر جاری کر دیا گیا ہے۔چیئرمین میٹرک بورڈ غلام حسین سہو نے کہا ہے کہ رینجرز اور پولیس کو بھی مدد کے لیے لکھا تھا۔ تاہم ہمارے انتظامات مکمل ہیں اور پوری کوشش کی ہے کہ کہیں غلطی نہ ہو۔ امتحانی مراکز میں بچوں کو ہر طرح کی سہولت دینے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ امتحانی سوالات کے پرچے آسان بنائے ہیں۔ اور امتحانی سوال نامے کی تقسیم کے لیے 19 حب بنائے گئے ہیں۔ افسران سے ایمانداری سے کام کرنے کا وعدہ لیا ہے۔ اور کوشش ہے کہ امتحانی سینٹرز پر موجود طلبا کو کوئی پریشانی نہ ہو۔یہ بھی پڑھیں: پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پرائیویٹ پارٹنر اسکولز کی ماہانہ سبسڈی میں اضافے کی منظوریلاڑکانہ بورڈ کے زیر انتظام بھی میٹرک امتحانات آج سے شروع ہو گئے ہیں۔ اور پہلی بار ای مارکنگ، او ایم آر سسٹم کے تحت پیپرز لیے جا رہے ہیں۔ پہلی بار نویں جماعت کے انگریزی پرچہ کی ای مارکنگ ہو گی۔ اور دسویں جماعت کے تمام پیپرز او ایم آر سسٹم کے تحت چیک ہوں گے۔لاڑکانہ بورڈ کے امتحانات میں ایک لاکھ 12 ہزار 735 طلبہ و طالبات امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں۔ جبکہ امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لیے 36 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔نواب شاہ میں بھی امتحانات کے لیے ڈویژن بھر میں 163 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ضلع شہید بےنظیر آباد میں 48، سانگھڑ میں 57 جبکہ نوشہرو فیروز میں 58 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ناظم امتحانات کے مطابق نواب شاہ میں نقل کی روک تھام کے لیے 18 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ سائنس اور جنرل گروپ میں ایک لاکھ 3 ہزار 23 امیدوار امتحان دیں گے۔ اور دو شفٹوں میں طلبا امتحانات میں حصہ لیں گے۔ نقل کی روک تھام کے لیے امتحانی مراکز میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ جبکہ امتحانی مراکز میں طلبا کے لیے موبائل فون ساتھ لے کر آنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔دوسری جانب پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں آج سے میٹرک کے سالانہ امتحانات شروع ہو گئے ہیں۔صوبائی محکمہ تعلیم کے مطابق خیبر پختونخوا میں 9 لاکھ 20 ہزار 211 طلبا امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں۔ 4 لاکھ 75 ہزار 807 طلبا نویں جماعت کا امتحان دے رہے ہیں۔ جبکہ 4 لاکھ 44 ہزار 404 دسویں جماعت کے امتحانات دیں گے۔خیبرپختونخوا بھر میں 3 ہزار 634 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ اور امتحانات میں سپروائزری عملے کی تعداد 25 ہزار 810 ہے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے ہاٹ لائن، واٹس ایپ نمبر اور ویب سائٹ پر شکایات پورٹل قائم کیے گئے ہیں۔وزیر تعلیم خیبر پختونخوا فیصل ترکئی نے کہا ہے کہ نقل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔