
لہسن ہماری روزمرہ کی خوراک کا ایسا لازمی جزو بن چکا ہے کہ اس کے بغیر کھانے کا تصور بھی مشکل ہے۔ چاہے وہ گرم مصالحے کا تڑکا ہو، مزیدار چٹنی ہو یا خوش ذائقہ سالن، ہر ڈش میں لہسن کی خوشبو اور ذائقہ الگ ہی رنگ جماتا ہے۔ صحت کے حوالے سے بھی اسے قدرتی دوا سمجھا جاتا ہے، خاص طور پر نزلہ، زکام اور کمزوری کے لیے بزرگ ہمیشہ اسی کا مشورہ دیتے ہیں۔
لیکن کیا واقعی لہسن کسی جادوئی دوا سے کم نہیں؟ یا پھر ہم اس کے بارے میں کئی غلط فہمیوں کا شکار ہیں؟ آج جانئے لہسن کے بارے میں وہ مشہور دعوے جو حقیقت میں سچ نہیں!
کیا کچا لہسن ہی سب سے زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے؟
یہ سچ ہے کہ کچے لہسن میں ایلیسن نامی مرکب زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے، جو کہ اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات رکھتا ہے۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ پکا ہوا لہسن بے فائدہ ہے! جب آپ لہسن کو بھونتے یا پکاتے ہیں، تو کچھ غذائی اجزا کم ضرور ہوتے ہیں، مگر دیگر نئے فائدہ مند مرکبات جنم لیتے ہیں جو صحت کے لیے مفید ثابت ہوتے ہیں۔ مزید یہ کہ پکا ہوا لہسن ہاضمے کے لیے بہتر ہوتا ہے اور اس کا ذائقہ بھی زیادہ خوشگوار ہوتا ہے۔
کیا لہسن ہر بیماری کا علاج ہے؟
لہسن میں کئی بیماریوں کے خلاف لڑنے کی صلاحیت موجود ہے، مگر یہ سوچنا کہ یہ ہر مرض کا حل ہے، سراسر غلط ہے! اگر کسی کو ہائی بلڈ پریشر ہو یا کولیسٹرول کا مسئلہ، تو صرف لہسن چبانے سے کوئی جادوئی علاج نہیں ہوگا۔ یہ صحت مند غذا کا ایک اہم جزو ہو سکتا ہے، مگر اسے مکمل علاج سمجھ لینا حقیقت سے بعید ہے۔
کیا زیادہ لہسن ڈالنے سے کھانے کا ذائقہ مزید اچھا ہو جاتا ہے؟
کئی لوگ کھانے میں زیادہ لہسن ڈالنے کو ذائقے کا راز سمجھتے ہیں، مگر حقیقت میں ایسا نہیں! اگر مقدار حد سے زیادہ ہو جائے تو یہ کھانے کو تلخ اور دیگر مصالحوں کے ذائقے کو ختم کر سکتا ہے۔ لہسن کو ہمیشہ مناسب مقدار میں استعمال کریں تاکہ یہ کھانے کا ذائقہ نکھارے، نہ کہ اس پر حاوی ہو جائے۔
کیا لہسن کبھی خراب نہیں ہوتا؟
یہ خیال کہ لہسن ہمیشہ تازہ رہتا ہے، بالکل غلط ہے۔ اگر لہسن نرم، چپچپا ہو جائے، اس پر سبز انکر نکل آئے یا بدبو آنے لگے تو یہ خراب ہو چکا ہوتا ہے۔ خراب لہسن کھانے سے معدے کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، اس لیے اسے ٹھنڈی اور خشک جگہ پر محفوظ کریں، مگر فریج میں رکھنے سے گریز کریں کیونکہ وہاں اس کی خوشبو اور ذائقہ کم ہو سکتا ہے۔
کیا لہسن کھانے سے مچھر دور بھاگتے ہیں؟
یہ سب سے زیادہ مشہور مگر بے بنیاد مفروضہ ہے! کہا جاتا ہے کہ لہسن کھانے سے مچھر دور رہتے ہیں، لیکن سائنس نے اس دعوے کی تصدیق نہیں کی۔ اگر مچھروں سے بچنا ہے تو یوکلپٹس آئل یا دیگر مخصوص ریپیلنٹ کا استعمال کریں، لہسن کھانے سے مچھر تو نہیں بھاگیں گے، ہاں البتہ لوگ ضرور دور ہو سکتے ہیں!
لہسن بلاشبہ غذائیت سے بھرپور اور صحت بخش ہے، مگر اس سے معجزات کی توقع نہ کریں۔ یہ کھانوں کے ذائقے کو بڑھانے اور صحت کو سہارا دینے کے لیے بہترین ہے، مگر ہر بیماری کا واحد حل نہیں! اس کا درست مقدار میں استعمال ہی آپ کو بہترین فائدہ دے سکتا ہے۔