
"یہ میری بہن ہے، اور آپ یقین نہیں کریں گے کہ اس کا شوق کیا ہے – یہ ہر اُس مچھر کا ریکارڈ رکھتی ہے جو یہ مارتی ہے، اور اُسے نام بھی دیتی ہے۔"
انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے صارفین کو حیران، پریشان اور ہنسی سے لوٹ پوٹ کر دیا ہے، جس میں ایک لڑکی کے عجیب و غریب شوق نے سب کی توجہ کھینچ لی ہے۔ وہ کوئی عام لڑکی نہیں بلکہ ہر مچھر کو مارنے کے بعد اس کا مکمل ریکارڈ ترتیب دیتی ہے—نام، وقت، اور جائے قتل کے ساتھ!
View this post on Instagram A post shared by 💰Akku💰 (@akansha_rawat)
اکنشا راوت نامی کانٹینٹ کریئیٹر نے اپنی بہن کا تعارف کرواتے ہوئے کہا: "یہ میری بہن ہے، اور آپ یقین نہیں کریں گے کہ اس کا شوق کیا ہے – یہ ہر اُس مچھر کا ریکارڈ رکھتی ہے جو یہ مارتی ہے، اور اُسے نام بھی دیتی ہے۔"
ویڈیو میں دکھایا گیا کہ کس طرح ایک پیپر شیٹ پر چھوٹے چھوٹے باکسز بنائے گئے ہیں، جن میں ایک ایک مچھر کا نام، مرنے کا وقت اور جگہ درج ہے۔ کہیں "رامیش" کچن میں مارا گیا تو کہیں "سوریش" بیڈروم کی دیوار سے چمٹے ہوئے اپنے انجام کو پہنچا۔ ہر انٹری گویا ایک مختصر سی 'مچھر کی تعزیت' ہے۔
یہ منفرد مشغلہ صرف عجیب ہی نہیں بلکہ تفریحی بھی ثابت ہوا، کیونکہ ویڈیو نے 70 لاکھ سے زائد ویوز حاصل کیے اور کمنٹس میں ہنسی کا طوفان برپا ہوگیا۔ کسی نے لکھا: "پورا مچھر سماج ڈرا ہوا ہے،" تو کسی نے کہا: "یہ ہے اصلی 'ڈیتھ نوٹ'۔" ایک اور صارف کا کہنا تھا: "مچھر سماج میں خوف کا ماحول ہے!"