
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ کہ شہدا اور غازی قوم کا فخر ہیں، جن کا احترام ہر پاکستانی کے لیے مقدس ہے، آج کا امن اور آزادی شہدا کی قربانیوں کے مرہون منت ہے۔ انٹرسروسز پبلک ریلیشن (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں افسران اور جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازا ہے، شہدا کے اعزازات ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو آپریشنز میں غیر معمولی بہادری اور قوم کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں فوجی اعزازات سے نوازا۔تقریب میں اعلیٰ فوجی حکام اور ایوارڈ حاصل کرنے والوں کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، فوجی جوانوں کو میدان جنگ میں جرات و بہادری پر ستارہ امتیاز(ملٹری) اور تمغہ بسالت دیے گئے۔ شہدا کے میڈلز ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔آرمی چیف نے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے شہدا اور غازی ہمارا فخر ہیں، شہدا کی عزت اور احترام ہم سب پر امانت ہے، ملک و قوم کا امن و استحکام شہدا کی قربانیوں کا ثمر ہے۔آرمی چیف نےشہدا کے اہل خانہ کے عزم و حوصلے کی بھی تعریف کی، جنرل عاصم منیر نے شہدا کے اہل خانہ کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔تقریب میں آرمی چیف نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم کو سراہا، آرمی چیف نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہا۔