
سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 الگ الگ کارروائیوں میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 15 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان لانس نائیک عثمان محمد اور سپاہی عمران خان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی شمالی وزیرستان میں کی، جہاں 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک عثمان مہمند اور سپاہی عمران خان نے جام شہادت نوش کیا۔شہید لانس نائیک عثمان خیبرپختونخوا کے ضلع چار سدہ جبکہ سپاہی عمران خان ضلع کرم کے رہائشی تھے۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے ساتھ تیسرا معرکہ جنوبی وزیرستان کے علاقے گومل زام میں ہوا، جہاں 3 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دہشتگرد کو ہلاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔