
حکومتِ سندھ نے آئندہ مالی سال میں کراچی کے مجموعی ترقیاتی بجٹ میں 20 ارب روپے سے زائد اضافے کی تجویز دی ہے، جبکہ اسکول ایجوکیشن کے بجٹ میں دو ارب روپے سے زیادہ کٹوتی کی سفارش کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، جن کے پاس صوبائی محکمہ خزانہ کا قلمدان بھی ہے، کل جمعہ کو سندھ اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے ترقیاتی بجٹ کو 493 ارب روپے سے بڑھا کر 503 ارب روپے تک لے جانے کی تجویز دی گئی ہے، جب کہ نئی اسکیموں کے لیے 183 ارب روپے مختص کرنے پر غور جاری ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے ارکانِ اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کے لیے سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ گولز (SDGs) کے تحت 45 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جب کہ ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر کے لیے 7 ارب روپے کا خصوصی ترقیاتی پیکج شامل کیا گیا ہے۔
تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی بجٹ میں اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ تعلیمی شعبے کا ترقیاتی بجٹ 32 ارب سے بڑھا کر 38 ارب روپے، جب کہ صحت کا بجٹ 18 ارب سے بڑھا کر 21 ارب روپے کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی حکومت سندھ نے خاص توجہ دی ہے۔ میگا منصوبوں کے لیے 12 ارب روپے مخصوص کیے گئے ہیں، جبکہ شہر کے مجموعی ترقیاتی بجٹ کو 1 ارب 38 کروڑ سے بڑھا کر 21 ارب 14 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب، کچھ محکموں کے ترقیاتی بجٹ میں کمی کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ محکمہ بلدیات کا ترقیاتی بجٹ 74 ارب 37 کروڑ روپے سے گھٹا کر 66 ارب 11 کروڑ روپے کرنے کی تجویز ہے، جب کہ محکمہ داخلہ کا بجٹ 12 ارب سے کم کر کے 11 ارب 11 کروڑ روپے، اور سروسز و جنرل ایڈمنسٹریشن کا بجٹ 32 ارب روپے سے کم کر کے 10 ارب 91 کروڑ روپے کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
اسکول ایجوکیشن کا بجٹ 20 ارب روپے سے کم کر کے 17 ارب 82 کروڑ روپے تجویز کیا گیا ہے، جب کہ کالج ایجوکیشن کا بجٹ 3 ارب 99 کروڑ روپے سے بڑھا کر 7 ارب 10 کروڑ روپے اور یونیورسٹیز و بورڈز کا بجٹ 4 ارب 26 کروڑ روپے سے بڑھا کر 7 ارب 24 کروڑ روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ محکمہ آبپاشی کے لیے ترقیاتی بجٹ 26 ارب سے بڑھا کر 31 ارب روپے اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا بجٹ 21 ارب سے بڑھا کر 24 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے۔
ٹرانسپورٹ سیکٹر کو بھی بجٹ میں نمایاں جگہ دی گئی ہے، جس کے تحت گزشتہ سال کے 5 ارب 84 کروڑ روپے کے مقابلے میں رواں سال 10 ارب 25 کروڑ روپے مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔