
بلوچستان کے علاقے گوادر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کے باعث شہری خوفزدہ ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادرمیں کئی روز سے جاری پے درپے زمینی زلزلوں کے بعد ہفتے کی شام 6 بج کر24 منٹ پر پسنی میں سمندر کے اندرزلزلہ ریکارڈ ہوا۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 14 کلومیٹر تھی۔محکمہ موسمیات کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکزآف کوسٹ پاکستان اورپسنی کے جنوب، مغرب میں 40 کلومیٹرکی دوری پرتھا۔ اس زلزلے کے بعد پسنی میں ایک اور زلزلہ محسوس کیا گیا،جوکہ زمینی تھا اور ریکٹر اسکیل پر اسکی شدت 4.7 ریکارڈ کی گئی۔دوسرے زلزلے کا مرکز پسنی کے جنوب میں 60 کلومیٹر کی دوری پرتھا، سربراہ نیشنل سونامی سینٹر امیر حیدر لغاری نے میڈیا ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پسنی میں ریکارڈ ہونے والا زلزلہ ساحل کے قریب سمندر میں ریکارڈ ہوا، تاہم شدت کے اعتبار سے یہ زلزلہ سونامی کی کیٹگری میں شمار نہیں ہوتا۔ان کا کہنا ہے کہ اس کے اثرات سمندر میں یا پھر زمین پر کہیں بھی محسوس نہیں ہوئے کیونکہ درجہ بندی کے اعتبار سے سونامی کے زلزلوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر7.1 اور انتہائی شدت 8.1 ریکارڈ ہوسکتی ہے۔امیرحیدرلغاری کا مزید کہنا ہے کہ سن 2021 میں اسی مقام (پسنی کے سمندر) میں یکے بعد دیگرے دومختلف شدت کے زلزلے ریکارڈ ہوچکے ہیں،جن کی شدت ریکٹراسکیل پر5.7اور5.4ریکارڈ ہوچکی ہے۔ہفتے کو شہر کے علاقے ملیر میں ایک زلزلہ ریکارڈ ہوا، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر3.2 جبکہ گہرائی 35کلومیٹرریکارڈ ہوئی۔ زلزلے کی وجہ سے لوگ خوف کےمارے گھروں سےباہر نکل آئے۔زلزلے کے جھٹکے لانڈھی، ملت ٹاؤن شاہ فیصل اورعمرماروی گوٹھ قائد آباد میں بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اتوار یکم جون کی شام سے اب تک شہر میں 39 کم وبیش درمیانی شدت کے زلزلے ریکارڈ ہوچکے ہیں۔