
تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث آج دوپہر 12:30 بجے سے اسپِل وے کھول دیے جائیں گے ۔ جس کے نتیجے میں تربیلا سے نیچے کی جانب پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 60 ہزار سے 2 لاکھ 70 ہزار کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے، جس سے دریائے سندھ کے اطراف کے نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ اس حوالے سے پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطے کو یقینی بناتے ہوئے ہنگامی مقامی آبادی کو الرٹ رکھنے اور ممکنہ پیشگی اقدامات اٹھانے کی کی ہدایت کی ہے.
عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں اور دریا کے کناروں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ ماہی گیروں، مویشی چرانے والوں اور دریائے سندھ کے قریبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو الرٹ کیا گیا ہے صورتحال بگڑنے کی صورت میں محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو جائیں۔ والدین بچوں کو ندی نالوں کے قریب نہ جانے دیں۔ سیاحوں اور مقامی افراد کو ہدایت کی جاتی ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔ پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر کسی بھی وقت رابطہ کیا جا سکتا ہے تاکہ درست معلومات اور بروقت رہنمائی حاصل کی جا سکے۔ عوام سے گزارش ہے کہ افواہوں سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔ پی ڈی ایم اے عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔