
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے سندھ کے وزیر توانائی، منصوبہ بندی و ترقیات ناصر حسین شاہ نے اہم ملاقات کی، جس میں سندھ کو درپیش توانائی بحران، وفاقی اداروں میں نمائندگی اور بجلی کے نرخوں سے متعلق معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ناصر حسین شاہ نے صدرِ مملکت کو آگاہ کیا کہ وفاقی ادارے OGDCL اور دیگر بجلی کمپنیوں میں سندھ کی نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے صوبے کو کئی پیچیدہ مسائل کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کے-الیکٹرک جیسے بڑے ادارے میں صوبائی حکومت کی شمولیت ناگزیر ہے تاکہ فیصلے زمینی حقائق کے مطابق ہوں اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے سندھ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (SEPRA) کے قیام پر بھی روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ SEPRA کے قیام کا مقصد "اپنی بجلی، اپنا ٹیرف" کے وژن کو فروغ دینا ہے تاکہ مہنگی بجلی کے بوجھ سے عوام کو نجات دلائی جا سکے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سندھ کی توانائی صورتحال پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ملک کا توانائی حب ہے، اس کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ کے توانائی سے متعلق تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور صوبے کے تمام جائز تحفظات کو دور کیا جائے گا۔
صدر نے مزید کہا کہ وفاقی اداروں میں صوبائی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ تمام اکائیوں کو برابری کی سطح پر حقوق حاصل ہوں۔
ملاقات کو مثبت اور تعمیری قرار دیتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے سندھ میں توانائی شعبے کی بہتری کے لیے مستقبل میں قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔