
اسلام آباد میں پاکستان کی میزبانی میں ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں امریکا سمیت قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس اہم اجلاس میں خطے کی سلامتی، مشترکہ دفاعی چیلنجز اور انسدادِ دہشت گردی کے لیے تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے غیر ملکی دفاعی وفود کو خوش آمدید کہا اور خطے میں امن، استحکام اور شراکت داری کے فروغ کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدوں سے ماورا خطرات اور ہائبرڈ چیلنجز کے موجودہ دور میں عسکری تعاون اور باہمی اعتماد پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکے ہیں۔
کانفرنس میں علاقائی سکیورٹی صورتحال، تذویراتی (اسٹریٹجک) ہم آہنگی، انسدادِ دہشت گردی میں تعاون، ہنگامی انسانی ردِ عمل، سائبر خطرات، اور پرتشدد انتہاپسندی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔
شرکاء نے قومی خودمختاری، امن، مشترکہ سلامتی مفادات اور دیرپا تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، وفود نے پاکستان کی مہمان نوازی اور اس اہم علاقائی سفارتی و دفاعی پیش رفت کے انعقاد کو سراہا۔
مضبوط روابط، پائیدار امن کے عنوان سے ہونے والی اس کانفرنس کا مقصد علاقائی سلامتی کے تعاون، عسکری سفارت کاری اور مشترکہ تربیتی اقدامات کو فروغ دینا تھا، جو مستقبل میں خطے کے استحکام اور خوشحالی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو گی۔