
کراچی کے پُرامن سمندری کنارے "دو دریا" پر ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک باپ نے اپنے دو معصوم بچوں کے ساتھ زندگی کا اختتام کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق، جمعرات کی شام اورنگزیب عالم نامی شخص نے اپنے دونوں بچوں کے ساتھ سی ویو کے مقام پر سمندر میں چھلانگ لگا دی۔ امدادی ٹیموں نے اگلے روز دونوں بچوں کی لاشیں نکال کر شناخت کے بعد اورنگی ٹاؤن کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا۔
آج اورنگزیب کی لاش بھی جناح اسپتال سے اس کے اہل خانہ نے وصول کر لی، جسے شام میں دفن کیا جائے گا۔ متوفی کے کزن کا کہنا ہے کہ اورنگزیب اور اس کی بیوی کے درمیان طویل عرصے سے گھریلو جھگڑا چل رہا تھا۔ بچوں کی تحویل کا معاملہ عدالت پہنچا، جہاں فیصلہ ماں کے حق میں ہوا۔
عدالتی حکم پر بچوں کو ماں کے حوالے کیا جانا تھا، لیکن اس فیصلے کے بعد اورنگزیب بچوں کو لے کر غائب ہو گیا۔ گھر والوں کو بتایا گیا کہ وہ بچوں کو واش روم لے جا رہا ہے، مگر اس کے بعد وہ واپس نہ آیا۔ شام کو یہ افسوسناک خبر ملی کہ وہ اپنے بچوں کے ہمراہ سمندر میں کود چکا ہے۔