
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں اعلیٰ سطح پر انتظامی تبدیلیوں کا آغاز ہو چکا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران کے تقرر و تبادلوں کے بڑے پیمانے پر احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب ایف بی آر کے چیئرمین تعطیلات پر روانہ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق، گریڈ 20 سے 22 کے 20 سینیئر افسران کو نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، جنہیں مختلف ریجنز اور عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گریڈ 17 اور 18 کے 232 افسران کے تبادلوں کا بھی نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ان افسران کو ان لینڈ ریونیو کے مختلف دفاتر میں نئی تقرریاں دی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں محض شروعات ہیں اور آنے والے دنوں میں کسٹمز ڈیپارٹمنٹ میں بھی اسی نوعیت کی بڑی سطح پر اکھاڑ پچھاڑ کی توقع کی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ تمام اقدامات انتظامی بہتری اور ادارے کی کارکردگی میں اضافے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عمومی طور پر جب افسران طویل عرصے تک ایک ہی جگہ تعینات رہتے ہیں تو ان کے ٹیکس دہندگان کے ساتھ قریبی تعلقات بن جاتے ہیں، جو ٹیکس وصولی کے عمل کو متاثر کرتے ہیں۔ اسی تناظر میں ان افسران کے تبادلوں کا فیصلہ کیا گیا تاکہ کارکردگی کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایف بی آر میں اسی طرز پر بڑے پیمانے پر تبادلوں کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے، جس کا مقصد نظام کو بہتر بنانا اور ٹیکس وصولی کے اہداف کو مؤثر طریقے سے حاصل کرنا رہا ہے۔
ان اقدامات کو ایف بی آر میں اصلاحاتی عمل کے تسلسل کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے، اور توقع ہے کہ نئے چیئرمین ایف بی آر کی تعیناتی سے قبل ادارے کے دیگر شعبہ جات میں بھی اہم تبدیلیاں سامنے آئیں گی۔