
"موٹی لڑکیوں کو کوئی رشتہ نہیں دیتا، یہ جتنی بھی فیشن کرلیں، اچھا نہیں لگتیں"مسز خان
رشتوں کی ماہر اور ٹی وی شوز کی جانی پہچانی شخصیت مسز خان ایک بار پھر اپنے بے باک اور بے رحم بیانات کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ اس بار انہوں نے شادیوں کے حوالے سے ایک انتہائی حساس موضوع پر ایسی رائے دی ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین سخت ردِ عمل دے رہے ہیں۔
ایک حالیہ ٹی وی شو میں شرکت کے دوران، جہاں موٹاپے پر شرمندگی اور معاشرتی رویوں پر گفتگو ہو رہی تھی، مسز خان نے اپنے مخصوص انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا:"موٹی لڑکیاں میرے پاس آتی ہیں اور کہتی ہیں کہ انہیں کوئی رشتہ نہیں ملتا۔ وہ جتنی بھی فیشن کرلیں، اچھی نہیں لگتیں۔ کوئی چیز ان پر نہیں جچتی۔ رشتے کے انکار کے بعد یہ لڑکیاں مایوس ہو کر مزید کھانے لگتی ہیں، جس سے وہ اور موٹی ہو جاتی ہیں۔ یہ ایک خطرناک چکر ہے۔ ہاں اگر ان کے پاس اچھی نوکری ہو، تو شاید لڑکے مان جائیں۔"
مسز خان کی یہ گفتگو اسی وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، اور بیشتر صارفین نے اسے "بے حسی اور ظالمانہ رویہ" قرار دیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ہزاروں صارفین نے یہ سوال اٹھایا کہ کیا جسمانی ساخت کی بنیاد پر کسی کی عزتِ نفس کو یوں مجروح کرنا درست ہے؟
جہاں ایک طرف موٹاپے سے جڑی شرمندگی کے خلاف معاشرہ آہستہ آہستہ آواز بلند کر رہا ہے، وہیں مسز خان جیسے افراد کے بیانات ان کوششوں کو پیچھے دھکیل دیتے ہیں۔ ان کا یہ دعویٰ کہ صرف نوکری والی لڑکیوں کو برداشت کیا جا سکتا ہے، کئی لوگوں کے لیے نہ صرف تکلیف دہ بلکہ ناقابلِ قبول بھی رہا۔
یہ پہلی بار نہیں کہ مسز خان نے متنازع الفاظ کہے ہوں۔ ماضی میں بھی وہ سُوکھی لڑکیوں" اور رشتوں میں لڑکیوں کی مانگ جیسے موضوعات پر سخت زبان استعمال کر چکی ہیں۔ ان کا کہنا ہوتا ہے کہ وہ سچ بولتی ہیں اور حقیقت چھپانے سے بہتر ہے کہ لوگ تلخ حقیقت کا سامنا کریں۔