
کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں یکم اگست سے ہی جھنڈوں کی بہار آجاتی ہے۔ خاص کربات کی جائے پیپرمارکیٹ کی تو وہ یکم اگست سے 14 اگست تک جھنڈا گلی میں تبدیل ہوجاتی ہے۔ طویل پرچم ہوں یا مختلف سائز اور ڈیزائن کے بیجز یہاں پر سب دستیاب ہیں۔
یہی نہیں کراچی کی اس خوبصورت گلی میں بچوں کے ملبوسات کی بھی بہت ہی خوبصورت ورائٹی موجود ہوتی ہے۔ افواج پاکستان سے محبت میں یہاں بچوں کی وردیاں بھی دستیاب ہوتی ہیں۔جنہیں وہ اپنے والدین کے ساتھ بڑے شوق سے خرید کر لے جاتے ہیں۔
اس بازار میں آپ کو گھر سجانے کے لیے جھنڈیاں اور جھنڈے بھی مل جاتے ہیں۔ یہاں کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس مارکیٹ میں ہندو برادری کی خواتین سبز اور سفید چوڑیوں کے اسٹال بھی لگاتی ہیں جو دیکھنے والوں کو خوب بھاتے ہیں۔
یہاں پربچیوں کےلیے 14 اگست کی مناسبت سے ہیرکلپس ، ویرسلٹ، سبز اور سفید موتیوں کے ہار بھی موجود ہیں، 14اگست تک اس مارکیٹ کی رونق دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔