
بالی وُڈ کے سینیئر اداکار اجے دیوگن کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’سن آف سردار 2‘ ریلیز کے ہفتے بعد بھی بڑا بزنس کرنے میں ناکام رہی ہے۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق 150 کروڑ انڈین روپے کے بجٹ میں بنائی گئی یہ فلم باکس آفس پر اچھے کاروبار کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ’سن آف سردار 2‘ نے انڈین باکس آفس میں اب تک 31 کروڑ انڈین روپے کا ہندسہ عبور کر لیا ہے جبکہ ریلیز کے چھٹے دن فلم نے صرف ایک کروڑ 65 لاکھ روپے کا کاروبار کیا۔اس سے قبل پہلے پانچ دنوں میں فلم نے 29 کروڑ 85 لاکھ انڈین روپے کمائے تھے تاہم چھٹے دن بھی کمائی میں کوئی خاص بہتری نظر نہیں آئی تھی۔بدھ کے روز سنیما گھروں میں فلم بینوں کی حاضری کم رہی، صبح کے شو میں صرف 5.43 فیصد، دوپہر کے شو میں 9.32 فیصد اور شام کے شو میں 9.59 فیصد افراد نے فلم دیکھی۔ رات کے شو کے اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں تاہم ان اعداد و شمار سے اندازہ ہوتا ہے کہ یا تو شو محدود تھے یا شائقین کی دلچسپی بہت کم رہی ہے۔فلم کے بارے میں'سن آف سردار 2' کی ہدایت کاری وجے کمار آروڑا نے کی ہے جو ان کی پہلی بڑی ہندی فلم ہے۔فلم میں اجے دیوگن دوبارہ جسی سنگھ رندھاوا کے کردار میں نظر آ رہے ہیں جبکہ برونال ٹھاکر ان کی ہیروئین ہیں۔ کہانی جسی کے اس سفر کے گرد گھومتی ہے جو ان کی بیوی سے صلح کی کوشش کے دوران سکاٹ لینڈ میں مافیا دشمنیوں، سکھ شادی اور یرغمالی بننے جیسے مسائل میں الجھ جاتا ہے۔فلم کا اندازاً بجٹ 150 کروڑ روپے ہے لیکن اب تک کی کارکردگی دیکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ یہ تجارتی لحاظ سے ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ اگر ویک اینڈ پر کوئی بڑی تبدیلی نہ آئی تو فلم جلد ہی سنیما گھروں سے ہٹائی جا سکتی ہے۔