
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر اعظم سواتی نے 14 اگست کو پارٹی کی جانب سے کسی بھی احتجاج کے امکان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یوم آزادی پاکستان خوشی اور یکجہتی کے ساتھ منایا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو میں اعظم سواتی نے کہا کہ یہ کس نے کہا کہ 14 اگست کو احتجاج ہوگا؟ اگر کسی نے اس بارے میں بات کی ہے تو وہ بالکل غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست قائداعظم کی تاریخی فتح اور پاکستان کے قیام کا دن ہے اس دن کو احتجاج کے بجائے جوش و جذبے سے بھرپور طریقے سے منایا جانا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یوم آزادی پاکستان عوام کے لیے یکجہتی، قربانیوں کی یاد اور آزادی کی قدر کرنے کا دن ہے، اس لیے پارٹی اس موقع پر احتجاج نہیں کرے گی بلکہ قومی جذبے اور ملی یکجہتی کو فروغ دے گی۔