
جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں آشوبِ چشم کی وبا تیزی سے پھیلنے لگی ہے، جس کے باعث اسپتالوں اور کلینکس میں مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ حالیہ سیلاب کے بعد مختلف وبائی امراض نے جنم لیا ہے، جن میں آشوبِ چشم سرِفہرست ہے۔ ڈاکٹرز نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیادہ رش والے علاقوں میں آمدورفت سے گریز کریں، دھوپ میں غیر ضروری گھومنے سے اجتناب کریں اور خود سے گھریلو ٹوٹکوں یا عرقِ گلاب کا استعمال ہر گز نہ کریں۔ ماہرین نے مزید کہا کہ مریض فوراً قریبی ڈاکٹر سے رجوع کریں اور صرف ڈاکٹر کے مشورے سے تجویز کردہ دوائیں استعمال کریں۔
ڈاکٹرز کے مطابق آشوبِ چشم وبائی شکل اختیار کرچکا ہے جو تیزی سے ایک شخص سے دوسرے شخص میں منتقل ہوتا ہے، لہٰذا مریض اور صحت مند افراد دونوں کو غیر معمولی احتیاط کی ضرورت ہے۔
محکمہ صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ ہاتھ دھونے، ذاتی تولیہ اور رومال استعمال کرنے اور دوسروں کے ساتھ قریبی رابطے سے گریز کرنے کی عادت اپنائیں تاکہ اس مرض کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔