
امریکا میں کارگو پرواز کے دوران ایک افسوسناک فضائی سانحہ پیش آیا، جس میں یو پی ایس کا طیارہ تباہ ہو گیا اور قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لوئی ول کے قریب پیش آیا، جہاں یو پی ایس کا کارگو طیارہ اڑان بھرنے کے چند لمحے بعد ہی فضا میں توازن کھو بیٹھا اور گر کر تباہ ہو گیا۔ افسوسناک واقعے میں پائلٹ سمیت سات افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ گیارہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایجنسی کے مطابق طیارے میں دو لاکھ اسی ہزار گیلن ایندھن موجود تھا، جس کے باعث حادثے کے بعد آگ تیزی سے پھیل گئی اور اردگرد کی کئی عمارتیں لپیٹ میں آ گئیں۔ جائے وقوعہ کے قریب رہائشیوں نے زور دار دھماکے کی آواز سنی، جس کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
Video of the Louisville plane crash. pic.twitter.com/KVJYl8afRh— Mark Blankenbaker (@UofLSheriff50) November 4, 2025
عینی شاہدین نے بتایا کہ طیارے کے بائیں بازو میں پہلے شعلے بھڑکے اور دھواں اٹھا، کچھ ہی دیر بعد جہاز زمین سے ٹکرا کر آگ کے گولے میں تبدیل ہو گیا۔ حادثہ شام پانچ بج کر پندرہ منٹ پر پیش آیا، جب آسمان پر دھوئیں کے سیاہ بادل چھا گئے۔
ریسکیو ٹیموں اور فائربریگیڈ نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں عملے کے تین ارکان اور زمین پر موجود چار افراد شامل ہیں، تاہم یو پی ایس حکام نے اپنے عملے کے بارے میں سرکاری تصدیق ابھی نہیں کی۔
یہ واقعہ امریکی فضائی تاریخ کے ایک اور افسوسناک باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جس نے ایوی ایشن سیفٹی پر ایک بار پھر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔