
کراچی ایم اے جناح روڈ پر واقع تجارتی مرکز گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے بعد صوبائی وزیر سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ابھی بھی بہت سے لوگ عمارت میں پھنسے ہونے کا خدشہ ہے اور شعلے کچھ جگہوں پر اب بھی نظر آ رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ حکومت اور فائر بریگیڈ کی کوشش ہے کہ لاپتہ افراد کو فوری ڈھونڈا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی بہت بڑا شہر ہے اور یہاں عمارتوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، لہٰذا عمارتوں میں آگ بجھانے اور فائر فائٹنگ کے نظام کے لیے عوام کا تعاون ناگزیر ہے، کیونکہ حکومت کے لیے اکیلے یہ انتظامات مکمل طور پر کرنا ممکن نہیں ہے۔
گل پلازہ میں لگنے والی آگ میں شادی کی شاپنگ کے لیے آنے والی 4 خواتین کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق کرن نامی لڑکی کی اگلے ماہ شادی تھی اور اس سلسلے میں 4 خواتین کے ساتھ بھائی اور اکلوتا بیٹا بھی گل پلازہ آئے تھے، دعویٰ کیا جارہا ہے کہ مذکورہ 4 خواتین سمیت 6 افراد لاپتہ ہیں اور ان کے موبائل فون نمبرز پر بھی رابطہ نہیں ہورہا۔
واضح رہے کہ ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق وہ رات گئے سے ہی موقع پر موجود ہیں، انھوں نے آتشزدگی سے 6 افراد کے جاں بحق اور 11 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
ایس ایس پی عارف عزیز کے مطابق زخمیوں کو بعد علاج و معالجہ گھر روانہ کردیا گیا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کو قانونی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔
جاں بحق افراد کی شناخت کاشف ولد یونس، فراز ولد انیس، عامر ولد سلیمان، فاروق ولد انور، محمد علی ولد حاجی حبیب، فرقان شوکت کے ناموں سے ہوئی، جبکہ زخمیوں میں دانیال ولد سراج، عثمان ولد اصغر علی، محمد جنید ولد محمد مجید، عبداللہ ولد محی الدین، محمد شہزاد ولد محمد انس، حیان ولد محمد قاسم، وسیم ولد محمد سلیم، عثمان ولد فہد، محمد حمزہ ولد محمد علی، فہد ولد انس، حسین ولد عبداللہ شامل ہیں.
فائر بریگیڈ حکام کی جانب سے سانحہ میں لگنے والی آگ کو 3 درجے کی آگ قرار دیا گیا تھا، مزید امدادی سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود ہے۔
جھلس کر جاں بحق ہونے والے تاجر کی نماز جنازہ ادا
مزید برآں گل پلازہ میں جھلس کر جاں بحق ہونے والے تاجر کاشف کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
ایم اے جناح روڈ پر گل پلازہ میں جھلس کر جاں بحق ہونے والے تاجر کاشف کی نماز جنازہ گارڈن غفوریہ مسجد میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں صوبائی وزیر سعید غنی، ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد، اہلخانہ اور علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔