
پاکستان میں بالاکوٹ حملے کے بعد گرفتار ہونے والے بھارتی پائلٹ ابھینندن ورتھمان نے بھارتی فضائیہ سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سابق گروپ کیپٹن ابھینندن نے بھارتی فضائیہ میں 22 سال خدمات انجام دیں ریٹائرمنٹ کے بعد اب ایک نجی ایئرلائن میں کمرشل پائلٹ کے طور پر کریئر شروع کرلیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ نجی ایئرلائن نے مارچ 2024 میں پروازوں کا آغاز کیا تھا اور اس کے بیڑے میں اس وقت ATR 72-600 کے 6 طیارے شامل ہیں۔
یاد رہے کہ 27 فروری 2019 کو پاکستان نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے تھے جبکہ ونگ کمانڈر ابھینندن کو زندہ گرفتار کیا گیا تھا۔
بعد ازاں پاکستان نے جذبۂ خیرسگالی کے تحت ابھینندن کو رہا کرکے واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا تھا۔ بھارت میں انہیں تیسرے بڑے فوجی اعزاز ’’ویر چکر‘‘ سے نوازا گیا اور بعد میں گروپ کیپٹن کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ ستمبر 2022 میں بھارتی میڈیا نے ابھینندن کو قبل از وقت ریٹائرمنٹ دینے کے فیصلے کی خبر دی تھی۔