
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی پارٹی حکومت کی مکمل اتحادی نہیں، تاہم اسے سپورٹ کرتی رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے اور جب تک کسی ایک جماعت کے تحفظات دور نہ ہوں، مسائل برقرار رہتے ہیں۔
نوید قمر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے حکومت کو کشمیر الیکشن، ججز کی تعیناتی اور دیگر امور سے متعلق اپنی شکایات سے آگاہ کیا ہے۔ حکومت نے ان مسائل کا جائز لینے کی یقین دہانی کرائی تھی، لیکن اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ پارٹی کا فیصلہ ہے کہ جب تک شکایات کا ازالہ نہیں ہوتا، حکومت کا ساتھ نہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز داخلہ کمیٹی میں اسلام آباد بلدیاتی بل کو بلڈوز کرنے کی کوشش کی گئی، جس پر پیپلزپارٹی نے اختلافی نوٹ جمع کرایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اس وقت ملک میں موجود نہیں ہیں اور معلوم نہیں کہ وہ کہاں متحرک ہیں۔