صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے سرکاری گاڑیوں کے ناجائز استعمال کا نوٹس لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو میں سرکاری گاڑیوں کے ناجائز استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے اس سے متعلق سیکریٹری سی اینڈ ڈبلیو نے مراسلہ جاری کر دیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ محکمہ سی این ڈبلیو کے افسران اپنے تبادلے پر اجازت کے بغیر گاڑی لے جاتے ہیں اور خالی عہدوں کی گاڑیاں اضافی چارج والے افسران استعمال کر رہے ہیں۔مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ اس طرز عمل کے نتیجے میں متعلقہ محکمے میں گاڑیوں کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ گاڑیوں کی قلت کے باعث سرکاری امور متاثر ہو رہے ہیں۔مراسلے میں سرکاری گاڑیوں کا غیر قانونی استعمال کرنے والے افسران کو گاڑیاں فوری واپس کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور متنبہ کیا گیا ہے کہ گاڑیاں واپس نہ کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔