’میری ممتا سے کوئی نہیں بچا‘، بالی وڈ میں بہن اور ماں کے کرداروں والی فریدہ جلال


بالی وڈ کی تاریخ میں کچھ اداکار ایسے بھی گزرے ہیں جو اس گلیمرس دنیا کا حصہ ہوتے ہوئے بھی سب سے الگ تھلگ رہے مگر اِس کے باوجود ان کو نظرانداز کرنا آسان نہیں۔وہ فلم کے مرکزی کردار میں ہوں، ہیرو کی بہن کے کردار میں یا پھر نانی اور دادی کے کردار میں، یوں محسوس ہوتا ہے گویا یہ سب کردار اُن کو سامنے رکھتے ہوئے ہی لکھے گئے ہیں۔ فریدہ جلال بھی ایک ایسی ہی اداکارہ ہیں جنہیں بہت سے فلم بینوں نے ماں، دادی یا نانی کے کرداروں میں دیکھا ہوگا۔اداکارہ کے فنی سفر پر بات کرنے سے قبل اُس ٹیلنٹ ہنٹ کا ذکر ہو جائے جس نے اُن پر ممبئی کی فلم نگری کے دروازے کھولے تھے۔ یہ ٹیلنٹ ہنٹ سال 1965 میں ہوا جس کے فائنل میں بالی وڈ کے اولین سپرسٹار راجیش کھنہ تو پہنچے ہی مگر اُن کے ساتھ یہ فریدہ جلال تھیں جنہوں نے کامیابی حاصل کی۔انہوں نے اپنی اداکارانہ صلاحیتوں سے پروڈیوسرز کو اپنی جانب متوجہ کیا جن میں تاراچند برجاتیا بھی تھے جنہوں نے اداکارہ کو اپنی فلم ’تقدیر‘ میں کاسٹ کر لیا۔اس فلم میں بھرت بھوشن اور جانی واکر جیسے اداکار نظر آئے مگر یہ فلم آج بھی فریدہ جلال کی اداکاری کی وجہ سے یاد کی جاتی ہے جنہوں نے اس فلم میں گیتا کا کردار ادا کیا تھا۔سال 2014 میں ’بالی وڈ ہنگامہ‘ کے لیے سبھاش کے جھا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ نے کہا تھا کہ ’میں نے اپنا اداکاری کا کیریئر فلم ’تقدیر‘ سے اُس وقت شروع کیا جب میں ابھی ابھی اپنے سکول سینٹ جوزف کانونٹ پنچگنی سے فارغ ہوئی تھی۔ میں نے ایک ٹیلنٹ مقابلے میں حصہ لیا اور جیت بھی گئی۔ کاکا (راجیش کھنہ) اور میں فائنلسٹ تھے۔ مجھے کیا معلوم تھا کہ میں جلد ہی ان کے ساتھ فلم ’ارادھنا‘ کرنے والی ہوں؟‘فلم ’ارادھنا‘ باکس آفس پر زبردست کامیاب رہی۔ اس فلم میں تو وہ ہیرو کی بیوی کے کردار میں نظر آئیں مگر جلد ہی وہ ہیرو کی بہن کے کردار میں نظر آنے لگیں۔انہوں نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ سلسلہ فلم ’گوپی‘ سے شروع ہوا جس میں مجھے لیجنڈ دلیپ کمار صاحب کی بہن کا کردار آفر کیا گیا۔ انکار کرنا تو کجا میں نے فی الفور یہ پیشکش قبول کر لی۔ مجھے اگر صرف سیٹ پر جا کر انہیں (دلیپ کمار) دیکھنے کا موقع بھی ملتا تو میں ضرور جاتی۔ میں انہیں بہت پسند کرتی ہے۔ مجھے یاد ہے کہ ان دنوں ہر اداکار دلیپ صاحب کی نقل کر رہا تھا، چاہے وہ دھرمیندر ہوں، جتندر ہوں یا پھر منوج کمار۔‘’دلیپ کمار کی بہن کے کردار میں مجھے بہت زیادہ پہچان ملی۔ ہر ہیرو یہی چاہتا تھا، ہر اداکار یہی چاہتا تھا کہ میں اس کی بہن کا کردار ادا کروں۔ بعض اوقات فلم کی بہن ہی اصل ہیروئن ہوتی تھی۔ اصل ہیروئن تو بس گانے گاتی جب کہ میرے پاس تمام جذباتی اور ڈرامائی مناظر ہوتے۔ مجھے اس سے نہ صرف پہچان بل کہ ایوارڈز بھی ملے۔‘فریدہ جلال نے کہا کہ ’دلیپ کمار کی بہن کے کردار میں مجھے بہت زیادہ پہچان ملی۔‘ (فوٹو: شوبز ہنگامہ)یوں فریدہ جلال نے اپنے کیریئر کے آغاز میں ایسے کرداروں کا انتخاب کیا جو عام ڈگر سے ہٹ کر تھے، وہ فلم کی ہیروئن تو نہ ہوتیں مگر اِس کے باوجود فلم میں اُن کی موجودگی فلم بینوں پر ایک خوشگوار تاثر چھوڑتی۔بالی وڈ کی یہ بے مثل اداکارہ مارچ 1949 میں ممبئی میں پیدا ہوئیں۔ بعض جگہوں پر اُن کی تاریخِ پیدائش 18 مئی 1950 لکھی ہے۔ اداکارہ کے والدین نجوہ اور محمد سمی چوہدری اس وقت علیحدہ ہو گئے تھے جب وہ محض دو سال کی تھیں۔ انہوں نے اُن دنوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘نانی، ماں، خالد (بڑے بھائی) اور میں، ہم چار افراد ہی پورا خاندان تھے۔‘فریدہ جلال کے نانا عراق سے تعلق رکھنے والے ایک تاجر تھے۔ اداکارہ نے فلم فیئر میگزین سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں نے ایک بار اپنی نانی سے کہا کہ میں راہبہ (نن) بننا چاہتی ہوں، کیوں کہ وہ بہت مہربان ہوتی ہیں۔‘فریدہ جلال کی راہبہ بننے کی خواہش تو ادھوری رہ گئی مگر انہوں نے اپنے طویل فنی سفر کے دوران دنیا کی سب سے بڑی فلم نگری کے قریباً ہر بڑے اداکار کی بہن، ماں، دادی اور نانی کا کردار ادا کیا ہے مگر وہ اب بھی کچھ نیا اور منفرد کرنا چاہتی ہیں۔اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ اپنے ایک مضمون میں لکھتا ہے کہ ’وہ ہر موقع سے بھرپور فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ’میں اگرچہ امید کرتی ہوں کہ مجھے زیادہ جاندار کردار ملیں لیکن میں اپنے کام سے لطف اندوز ہو رہی ہوں۔ میں ایک اداکارہ ہوں اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرنا پسند کرتی ہوں۔ میں بہت سے کردار ادا کر سکتی ہوں لیکن کوئی میری صلاحیتوں سے فائدہ نہیں اٹھا رہا۔ ’جیتے رہو بیٹا، خوش رہو بیٹا‘ کرتی رہوں گی فلموں میں۔ میں ہمیشہ یہ کہتی ہوں کہ میری ممتا سے کوئی نہیں بچا ہے۔ میں نے تمام اداکاروں کی ماں اور دادی کا کردار ادا کیا ہے اور میں خوش ہوں۔‘سال 1971 میں ریلیز ہوئی فلم ’پارس‘ میں یوں تو سنجیو کمار اور راکھی جیسے اداکار تھے مگر اس فلم میں بھی فریدہ جلال نے اپنے کردار کے ساتھ بھرپور انصاف کیا اور یوں وہ معاون اداکارہ کا اپنا اولین فلم فیئر ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔فریدہ جلال نے  ہر اداکار کی ماں یا دادی کا کردار ادا کیا ہے تو اس فہرست میں سپرسٹار شاہ رُخ خان بھی شامل ہیں (فوٹو: کوئی موئی)انہوں نے پرکاش کے جھا کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ ’میں فلم ’پارس‘ میں سنجیو کمار کی بہن کا کردار ادا کر رہی تھی لیکن کرنے کے لیے میرے پاس راکھی سے کہیں زیادہ کام تھا جو فلم کی ہیروئن تھیں۔ اسی کردار کے لیے مجھے پہلا ایوارڈ ملا۔ پھر مجھے دوسرا ایوارڈ فلم ’مجبور‘ کے لیے ملا جس کی کہانی سلیم اور جاوید بھائی نے لکھی تھی اور اس میں بچن صاحب میرے بھائی کے کردار میں نظر آئے تھے۔ یہ میرے لیے بہت حوصلہ افزا تھا۔ جب بہن کے کردار میں ہی مجھے اتنے مضبوط رول مل رہے تھے تو ہیروئن بننے کی خواہش کیوں کرتی؟‘امیتابھ بچن کا ذکر ہوا تو اُن کے اداکارہ جیا بہادری سے افیئر کے بارے میں تو ایک دنیا آگاہ ہے مگر بالی وڈ کی اس یادگار پریم کہانی کو آگے بڑھانے میں فریدہ جلال کا بھی اہم کردار تھا جو بالی وُڈ کی ان چند شخصیات میں سے ایک تھیں جنہیں امیتابھ اور جیا کی شادی کی تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔انہوں نے کچھ عرصہ قبل ’بالی وڈ ببل‘ سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ان کا جھگڑا چل رہا ہے، وہ روئیں گی، یہ منائیں گے اور میں یہ سب دیکھ رہی ہوتی اور لطف بھی لے رہی ہوتی کیوں کہ مجھے جیا سے بہت لگاؤ ہے، میں اسے جِیا کہا کرتی ہوں ۔ ہماری دوستی کافی پرانی ہے۔ وہ تاج ہوٹل میں کافی یا چائے پیتے اور رات گیارہ بجے کے قریب واپس آتے۔ واپسی پر اپنی فلم ‘ابھیمان‘کے بارے میں بات کرتے اور کہتے، ’ہم اس کے ذریعے جادو کر دیں گے۔‘انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ ’وہ بیوقوفانہ چیزوں پر جھگڑتے۔ میں یہ ظاہر نہیں کر سکتی۔ وہ جلدی روٹھ بھی جاتی ہیں۔‘فریدہ جلال کے اپنے لفظوں میں انہوں نے بالی وڈ کے ہر اداکار کی ماں یا دادی کا کردار ادا کیا ہے تو اس فہرست میں سپرسٹار شاہ رُخ خان بھی شامل ہیں جن کے ساتھ وہ کئی فلموں میں نظر آئیں۔ انہوں نے فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ میں شاہ رُخ خان تو ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ میں اداکارہ کاجل کی ماں کا کردار ادا کیا۔اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق، اداکارہ نے کہا تھا کہ ‘مجھے اُن (شاہ رُخ خان) کے ساتھ بہت سی فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا۔ وہ زندگی سے بھرپور ہیں۔ میں نے اس طرح کی توانائی کسی اور میں نہیں دیکھی۔ میں نے اُن کے ساتھ گزرے ہر لمحے سے بھرپور لطف کشید کیا ہے۔‘فریدہ جلال نے نومبر 1978 میں اداکار تبریز برماور کے ساتھ شادی کر لی (فوٹو: انڈین ایکسپریس)انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’میں نے بہت سی فلموں میں اُن کی ماں کا کردار ادا کیا ہے۔ میں شاہ رُخ خان کے ساتھ کام کرتے ہوئے حقیقت میں ماں بیٹے کے تعلق کو محسوس کرتی ہوں۔ میں ایسا ہی محسوس کرتی ہوں اور اُن کی زندگی میں چوں کہ ماں نہیں ہیں تو اس لیے میں محسوس کرتی ہوں کہ مجھے ان کے ساتھ زیادہ سے زیادہ ’مامتا‘ کا اظہار کرنا چاہیے۔ یہ میرے ساتھ فطری طور پر ہوتا ہے۔‘خیال رہے کہ اداکارہ نے اس سے قبل اپنے ایک انٹرویو میں شکوہ کیا تھا کہ وہ یہ کوشش کرتی ہیں کہ شاہ رخ خان سے ملاقات ہو لیکن ایسا نہ ہونے کی وجہ ان (شاہ رُخ خان) کے سیکریٹریز ہیں۔ فریدہ جلال نے مگر بعدازاں یہ کہا تھا کہ اُن کے اِس بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے اور اُن کے کہنے کا مطلب یہ تھا کہ اُن کے پاس اداکار کے جو پرانے نمبرز ہیں، وہ شاید اب تبدیل ہو چکے ہیں۔سال 1974 میں ریلیز ہوئی فلم ’جیون ریکھا‘ تو کامیاب نہ ہو سکی مگر اس فلم میں اُن کے ساتھ اداکار تبریز برماور نظر آئے۔ وہ دونوں فلم کی شوٹنگ کے دوران ہی ایک دوسرے سے محبت کرنے لگے اور انہوں نے بالآخر نومبر 1978 میں شادی کر لی۔فلم فیئر میگزین اس حوالے سے لکھتا ہے کہ ’وہ اداکار تبریز برماور سے فلم جیون ریکھا(1974)  کے سیٹ پر ملی تھیں۔ وہ کسی کونے میں بیٹھ کر کتاب پڑھتے رہتے اور شاذ ہی بات کرتے۔ میں نے سوچا کہ وہ مغرور ہیں۔ مگر آخرکار، میں ان سے محبت کرنے لگی۔ شاید اس لیے کہ وہ دوسروں سے مختلف تھے۔‘’ہم دوست بن گئے اور ہر موضوع پر باتیں کرنے لگے۔ لیکن سب سے پہلی بات جو انہوں نے مجھ سے کہی وہ یہ تھی، ’کیا تم مجھ سے شادی کرو گی؟ میں تمہیں اپنی زندگی میں اپنی بیوی کے طور پر دیکھنا چاہتا ہوں۔‘ مجھے یہ بات بہت پسند آئی،‘ وہ یہ یاد کرتے ہوئے شرما گئیں۔‘فلم فیئر میگزین کے مطابق یہ جوڑا 1978 میں شادی کے بندھن میں بندھا اور ان کے ہاں بیٹے یاسین برماور کی پیدائش ہوئی۔ شادی کے بعد وہ بنگلور منتقل ہو گئے، جہاں تبریز کا کاروبار تھا۔ یہی وجہ تھی کہ فریدہ کچھ برسوں کے لیے فلمی دنیا سے دور ہو گئیں۔سال 2003 میں تبریز کا انتقال ہو گیا۔ انہوں نے  کہا تھا کہ ’جیا مجھ سے ملنے آئی۔ وہ دیر تک مجھ سے باتیں کرتی رہی۔ اس کے برعکس، وہ لوگ جن پر تبریز نے کئی بار احسان کیا تھا، نے فون تک کرنا مناسب نہ سمجھا۔ یہ بات بہت تکلیف دہ تھی۔‘گذشتہ برس ریلیز ہونے والی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ میں اداکارہ نے قدسیہ بیگم کا کردار ادا کیا تھا (فوٹو: دی ڈائریکٹ)فریدہ جلال نے اپنی فنی اور نجی زندگی متانت اور وقار سے گزاری۔ وہ کبھی غیر ضروری طور پر خبروں میں نہیں آئیں یا یوں کہہ لیجیے کہ کسی تنازع کا حصہ نہیں بنیں۔ وہ تو اس بات پر حیران ہوتی ہیں کہ ایک اداکار کا کام ہی کیا ہے کہ وہ پروڈیوسرز کے دفاتر کے چکر کاٹے۔اداکارہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’ہمیں ہمیشہ فلم سازوں کی طرف سے آفرز ملتی تھیں۔ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ کوئی اداکار خود جا کر کیسے کام مانگ سکتا ہے؟ یہ میرا انداز نہیں ہے، میں یہ زندگی میں کبھی نہیں کر سکتی۔ لوگ عزت کے ساتھ میرے گھر آ کر مجھے کام کی پیشکش کرتے تھے۔ لیکن کیا واقعی اداکار جا کر کام مانگتے ہیں؟ مجھے اس بارے میں کچھ نہیں معلوم۔ میں نے کبھی کسی سے کام نہیں مانگا۔ وہ (پروڈیوسرز) میرے پاس آتے، سکرپٹ سناتے اور میں ہاں یا ناں میں جواب دے دیتی۔‘اداکارہ نے اپنے کیریئر کے شروعاتی دنوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں تب بہت کم عمر تھی۔ میری ماں مجھے بتاتی تھیں کہ کون سے پروڈیوسرز نے کال کی ہے، وہ میرے بارے میں حد سے زیادہ فکر مند رہتی تھیں۔ وہ ہمیشہ میرے ساتھ سیٹ پر آیا کرتی تھیں۔‘گذشتہ برس ریلیز ہونے والی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ میں اداکارہ نے قدسیہ بیگم کا کردار ادا کیا تھا۔ اداکارہ شرمین سہگل مہتا بھی اہم کردار میں نظر آئیں جن کی اداکاری پر بہت تنقید ہوئی اور یہ بھی کہا گیا کہ اُن کو یہ کردار اس لیے ملا کیوں کہ وہ سیریز کے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی بھانجی ہیں۔فریدہ جلال نے مگر اداکارہ کا دفاع کیا اور اخبار ’انڈیا ٹو ڈے‘ سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’شرمین پر تنقید اور ان کی ٹرولنگ کرنا کسی طور پر درست نہیں۔ میں اس پر خوش نہیں ہوں، انہوں نے اپنی صلاحیت کے مطابق اداکاری کی اور اپنے طور پر بہترین پرفارم کیا۔‘یہ اداکار رشی کپور کی فلم ’حنا‘ ہو یا شیام بینیگل کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ممو‘، یہ سپرہٹ فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ ہو یا سٹار پلس پر نشر ہونے والا یادگار سٹ کام ’شرارت: تھوڑا جادو، تھوڑی نزاکت‘ یا پھر ’جوانی جانِ من‘ اداکارہ اپنے ہر کردار کے ساتھ بھرپور انصاف کرتی نظر آتی ہیں۔فریدہ جلال کو عظیم ترین فلمی ’ماں‘ کے طور پر یاد کیا جاتا ہے (فوٹو: انڈین ایکسپریس)فریدہ جلال نے اگرچہ دلیپ کمار، راجیش کھنہ، امیتابھ بچن، عامر خان، شاہ رُخ خان اور سلمان خان ایسے سپرسٹارز کی بہن یا ماں کا کردار ادا کیا مگر انہوں نے ستیہ جیت رے، شیام بینیگل، گلزار اور کندن شاہ کی فلموں میں بھی کام کیا اور وہ یہ فخر محسوس کرتی ہیں کہ ستیہ جیت رے نے اُن کو فلم ’شطرنج  کے کھلاڑی‘ میں کام کرنے کا موقع دیا۔اداکارہ اس عمر میں بھی اپنے فن کے حوالے سے پرجوش ہیں، وہ کچھ نیا کرنا چاہتی ہیں اور ایک مطمئن زندگی گزار رہی ہیں۔ انہوں نے فلم فیئر میگزین کو دیے گئے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ ’میں صبح جلدی اُٹھتی ہوں، نماز پڑھتی ہوں اور دن کی شروعات سے پہلے اپنے خالق سے بات کرتی ہوں۔‘’میرے پاس دنیا کا سب سے بہترین بیٹا ہے۔ یاسین میری دیکھ بھال ایسے کرتا ہے جیسے میں ایک بچہ ہوں۔ میری زندگی میں کسی کے لیے کدورت کی کوئی جگہ نہیں۔ پیسہ تو ہر کوئی کما لیتا ہے، لیکن میرے لیے سب سے بڑا انعام عزت کمانا ہے۔‘ادکارہ نے اپنے کیریئر کے شروع میں ہی وہ راستہ چُن لیا تھا جو آسان تو نہیں تھا مگر وہ بالی وُڈ پر وہ اثر چھوڑنے میں ضرور کامیاب رہی ہیں جس کے باعث اُن کو عظیم ترین فلمی ’ماں‘ کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔

 
 

Watch Live TV Channels
Samaa News TV 92 NEWS HD LIVE Express News Live PTV Sports Live Pakistan TV Channels
 

مزید آرٹ اور انٹرٹینمنٹ

’میری ممتا سے کوئی نہیں بچا‘، بالی وڈ میں بہن اور ماں کے کرداروں والی فریدہ جلال

نصیبو لال پر تشدد

معروف پاکستانی گلوکارہ پر شوہر کا مبینہ تشدد

اس ہار سے 2 فلیٹ خریدے جاسکتے ہیں۔۔ شاہ رخ خان کے اس ہیرے کے ہار کی قیمت کیا ہے؟

میری نیت اللہ کے حوالے۔۔ پاکستان آنے والی سابق جاپانی اداکارہ نے اسلام قبول کرلیا ! ویڈیوز وائرل

اپنی حد میں رہو۔۔ سیف علی خان کے بیٹے کی پاکستانی شخص کو دھمکیاں ! اصل کہانی کیا ہے؟

اداکارہ نادیہ حسین کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت تحقیقات کا آغاز

کمائی میں برکت کا تعلق حلال و حرام سے ہے، نادیہ خان

’راجہ کو رانی سے پیار ہو گیا‘: عامر خان کی نئی گرل فرینڈ گوری پریٹ کون ہیں؟

اداکارہ نادیہ حسین کے خلاف ایف آئی اے کے مبینہ افسر کی کال لیک کرنے پر پیکا ایکٹ کے تحت تحقیقات

سوشل میڈیا پر ایف آئی اے کے مبینہ افسر کی کال لیک کرنے کا معاملہ: ایف آئی اے نے نادیہ حسین کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت تحقیقات کا آغاز کر دیا

عامر خان نے 25 سال پرانی دوست گوری سپراٹ سے ریلیشن کا اعلان کر دیا

عامر خان نے نئی گرل فرینڈ کا انکشاف کردیا، کون ہے لڑکی؟

معروف اداکارہ حادثے میں شدید زخمی، حالت خطرے سے باہر

رشتہ پہلے سے طے تھا لیکن نکاح۔۔ عمر شہزاد نے مدینہ میں اچانک نکاح کی حقیقت بتا دی

عالمی خبریں تازہ ترین خبریں
پاکستان کی خبریں کھیلوں کی خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ سائنس اور ٹیکنالوجی